ترشاوہ پھلوں کے باغبان فروری،مارچ میں نئے پودے لگالیں، ماہرین زراعت کی ہدایت

جمعرات 16 فروری 2017 14:04

فیصل آباد۔16 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ ترشاوہ پھلوں کے باغبان فروری کے آخری ہفتہ سے لے کر مارچ کے مہینہ کے دوران نئے پودے لگانے کا عمل مکمل کرلیں اور مسمی ، مالٹا ، کینو،کاغذی لیموں،میٹھا، ولنشیاء،گریپ فروٹ کے باغات لگانے کیلئے صحت مند بیجوں کا انتخاب کریںاور اس کیلئے اچھی نرسریوں سے اعلیٰ نسل کے پودوں کا حصول بھی یقینی بنایا جائے تا کہ باغات بہترین پھل فراہم کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ عمل مارچ کے مہینہ کے اندر اندر مکمل کر لیا جائے تو پودوں کی بڑھوتری زیادہ بہتر انداز میں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے باغات لگانے کیلئے زمین میں کیمیائی تعامل ،ہوا اور پانی کا نکاس اچھا ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر زیر زمین سطح آب پانچ میٹر یا اس سے زیادہ ہوتووہاں پودے بہترین پرورش پاسکتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ صحت مند روٹ سٹاک کا انتخاب کرتے ہوئے درمیانے قد کے پودے جن کی عمر تین سال سے زیادہ نہ ہو کی بوائی بہتر پیداوار فراہم کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی پیوند کاری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پودے کو تھرپس ، سکیل ، ملی بگ اور دیگر بیماریوں سے پاک ہونا چاہئے۔ انہوں نے پودے لگانے کے بعد ماہرین کے مشورہ سے آبپاشی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔