بھارت ہماری ریاست کا اور ہمارے امن کا دشمن ہے ، ریاست کے اندر اگر فرقہ واریت پھیلے گی، امن و امان تباہ ہو گا ، علامہ راجہ ناصر عباس

علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی پر حملہ ریاست کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرے،سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان

جمعرات 16 فروری 2017 21:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2017ء) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ ہندوستان ہماری ریاست کا اور ہمارے امن کا دشمن ہے ، ریاست کے اندر اگر فرقہ واریت پھیلے گی، امن و امان تباہ ہو گا ، حساس اداروں پر حملہ ہو گا ، مساجد و امام بارگاہ کو نشانہ بنایا جائے گا، ملک میں بد امنی پھیلائی جائے گی تو اس کا فائدہ محض ہندوستان کو ہو گا، الیکشن سیاسی بحران سے نکلنے کیلئے ہوتے ہیں یہاں الیکشن کے بعد بحران سر اٹھانا شروع کر دیتے ہیں ۔

غافل حکمرانوں اور انتظامیہ کی غفلت سے دشمن کو فائدہ پہنچتا ہے۔ہندوستان وطن عزیز پاکستان اور آزادکشمیر کے امن و امان کو تباہ و برباد کرنا چاہتا ہے ۔دہشت گردووں کی پشت پناہی بھی ہندوستان ہی کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

امن کے داعی ، محبتوں کے پھول بکھیرنے والے اور نفرتوں کو ختم کرنے والے علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی پر حملہ ریاست کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے ۔

ان کی اہلیہ پر بھی حملہ کیا گیا۔انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرے۔ آج اگر علامہ تصور جوادی کا حرم محفوظ نہیں تو ریاست میں کسی کا حرم بھی محفوظ نہیں ، خاتون کو بھی گولی کا نشانہ بنانے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہیلی سرکار چوک میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نقوی کا کہنا تھا کہ ریاست کی عوام نے جس اتحاد و اتفاق کا مطاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

پاکستان میں نااہل کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو رہا ہے ۔آزادکشمیر کے عوام کے شعور ، بصیرت اور ان کی محبت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ توڑ پھوڑ کے ذریعے مظلومیت داغدار ہوتی ہے ، مظلوم متحد ہوں تو ایک طاقت بن جاتے ہیں ۔پر امن احتجاج اس بات کی دلیل ہے کہ ہم پر امن قوم ہیں ، مظلوم کی حمایت میں تمام شیعہ سنی بھائی ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں ۔

پاکستان میں آزادکشمیر کے عوام کی وحدت اور مذہبی بھائی چارے کی مثالیں پیش کی جاتی ہیں ، علامہ تصور جوادی پر حملہ بھی بیرونی سازش ہے یہاں کے عوام ایسی کسی سازش کا حصہ بن ہی نہیں سکتے ۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ کل پورے پاکستان میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی، علامہ تصور حسین نقوی الجوادی پر قاتلانہ حملہ کرنیوالوں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔عوام کو پر امن رکھنا قائدین کی ذمہ داری ہے ، ریاست عوام کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے ۔اگر حملہ آور گرفتار نہ ہوئے تو نقص امن کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامی اداروں پر عائد ہو گی ۔