آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مہمند ایجنسی اور باجوڑایجنسی کا دور ہ ، سکیورٹی فورسز اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں اور بات چیت

جمعرات 16 فروری 2017 23:54

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مہمند ایجنسی اور باجوڑایجنسی کا دور ..
باجوڑایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کے روز مہمند ایجنسی اور باجوڑایجنسی کا دور ہ کیا ۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز اور قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں اور بات چیت کی۔وہ گزشتہ روز مہمند ایجنسی کے ہیڈکوارٹرغلنئی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے بھی ملیں اور ان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی درجات بلند ی کیلئے دعائیں کی ۔

انھوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں خصوصاًً لیویزفورس کے کردار کو سرا ہا جنہوں نے گزشتہ روز خودکش بمبار کو ہلاک کرکے حملہ ناکام بناکر مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا۔ آرمی چیف نے اُن اہلکاروں کو بھی سراہا جنہوں نے گزشتہ ہفتے افغانستان سے پاکستانی حدود میں دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارے بہادرشہریوں، آرمی ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان تعاون دہشت گردی کیخلاف ہماری کامیابی کا ایک اہم سنگ میل ہے ۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گرد ایک مرتبہ افغانستان میں موجود محفوظ ٹھکانوں میں منظم ہورہے ہیں اور وہ کوششیں کررہے ہیں کہ ہمارے معاشر ے میں مایوسی اور خوف پھیلائیں ۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے او ردوسروں سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں ۔ دشمن علاقائی امن اوراستحکام کیساتھ کھیلنے سے باز آجائیں ورنہ ہم اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں ۔

باجوڑایجنسی میں قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے مشران کو یقین دلایا کہ پاکستان آرمی قبائلی علاقوں میں انفراسٹرکچر جن صحت ، تعلیم اور علاقے کی ترقی شامل کے بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھے گا ۔انھوں نے کہا کہ پا ک آرمی عوام کے خواہشات کیمطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے تمام کوششوں کو سپورٹ کرتاہے ۔ اس موقع پر کورکمانڈر پشاور لیفٹنٹ جنرل نظیر احمد بٹ ، پاک آرمی اور ایف سی کے اعلیٰ حکام بھی موجودتھے ۔

متعلقہ عنوان :