وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر کا دورہ میرپور ناکام ترین دورہ تھا اس دورہ کے صرف منفی نتیجہ برآمد ہو رہے ہیں ‘جو لوگ راجہ فاروق حیدرکے دورہ کو لیکر اس سے قبل اور بعد میں بیانات دے رہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں

مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ خالد محمود خان اور جنرل سیکرٹری قاضی ارشد محمود کا مشترکہ بیان

جمعہ 17 فروری 2017 22:25

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ خالد محمود خان اور جنرل سیکرٹری قاضی ارشد محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا دورہ میرپور ناکام ترین دورہ تھا اس دورہ کے صرف منفی نتیجہ برآمد ہو رہے ہیں جو لوگ راجہ فاروق حیدرخان کے دورہ کو لیکر اس سے قبل اور بعد میں بیانات دے رہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ان لوگوں کو میرپور کے عوام سے کوئی سروکار نہیں یہ صرف اپنی سستی شہرت حاصل کرنے کے حصول پر ہیں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان میرپور میں آکر محض انتظامیہ کو مصروف رکھنے اور پروٹوکول کی خواہش میں میرپور کے عوام کو بیوقف بنایا ہے جبکہ وزیراعظم نے اس دورہ میںکسی بڑے منصوبے کی تختی تک نہ لگائی جیسا کے سیوریج سکیم ، صاف پانی کی فراہمی ،میاں محمد ٹائون کے عوام کو سوئی گیس کی فراہمی جیسے محض بیانات دیکر میرپور کے عوام کو لالی پاپ دیا گیا ہے ایسے دوروں کا میرپور کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہے جو صرف دعوتیں ، ظہرانے اور عشائیہ کرنے کیلئے کیا گیا ہو۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کااظہار انہوں اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ تاجررہنمائوںنے کہا کہ میرپور مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ہے لیکن راجہ فاروق حیدر خان نے اپنے دورہ میرپور کے دوران کوئی خاص اقدام نہیں کیا لیکن اس کے باوجود کچھ عناصر اس دورے کو لیکر اس قدر اچھل کود کر رہے ہیں جس سے یہ صاف ظاہر ہو جاتا ہے کہ یہ لوگ میرپور کے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرپور کے عوام کو مسائل سے پاک کرنے کیلئے موجودہ ممبر اسمبلی حلقہ میرپور اور مسلم لیگ ن نے وعدے وعیدے کی وہ داستانیں رقم کی جو اس دورے کے بعد خیالی پلائو کا روپ اختیار کر چکی ہیں وزیراعظم کو میرپور کے عوامی مسائل کا ادراک ہونا چاہیے تھا جبکہ اس حوالہ سے وزیرحکومت اور ممبر اسمبلی کو راجہ فاروق حیدر خان کو میرپور کے عوام کے مسائل کے حوالہ سے آگاہ کرنا چاہیے تھا تاکہ میرپور کے عوام کے مسائل کم ہو سکتے ۔

انہوںنے کہا کہ جو کھلی کچہری لگائی گئی وہ صرف اپنے من پسند افراد پر مشتمل تھی جبکہ اس کچہری میں عوام اور تاجروں کو شرکت کرنے نہ دیا گیا جس کی ذمہ داری میرپور کی بیوروکریسی پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ بعد دورہ کرنے کے باوجود بھی محض پروٹوکول ، ظہرانے اور عشائیہ میں شریک ہونا وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا تھا ان کو چاہیے تھا کہ وہ اپنے پہلے دورہ میرپور میں عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہیں لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے دورہ میرپور کے بعد میرپور کے مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جبکہ اس دورہ کے حوالہ سے میرپور کے عوام میں انتہائی جوش و خروش پایا جارہا ہے تھا اور امید تھی کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان بڑے منصوبہ جات کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر حکومت چوہدری محمد سعید اپنے کاروباری مراکز کی تزئین و آرائش کروا رہے ہیں لیکن میرپور کے عوامی مسائل پر توجہ دینا گوارہ نہیں کر رہے ہیں جو میرپور کے عوام کو بیوقوف بنانے کے مترادف ہے ۔

تاجر رہنمائوں نے آخر میں کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے جو تختی لگائی ہے وہ صرف میرپور کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے کسی بھی منصوبہ کے مکمل ہونے یا شروع کیے گئے منصوبہ پر تختی لگائی جاتی ہے اب وزیراعظم اور وزیر حکومت اس منصوبہ کی خود وضاحت کریں کہ انہوںنے جو تختی لگائی ہے وہ کسی منصوبہ پر ہے تاکہ میرپور کے عوام میں پایا جانے والا ابہام دور ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :