گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین شالیمار ٹاؤن کا درجہ پوسٹ گریجوایٹ تک بڑھانے کا اعلان

محکمہ اعلی تعلیم کے اداروں میں پولیس شہدا کے بچوں کی مفت تعلیم کی پالیسی وضع کی جائے گی، سرکاری کالجوںکے اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ کے لئے 9ڈویثرنل مقامات پر تربیتی اکیڈیمیاں قائم کی جائیں گی ‘رضا گیلانی

جمعہ 24 فروری 2017 16:54

گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین شالیمار ٹاؤن کا درجہ پوسٹ گریجوایٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2017ء) صوبائی وزیرہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ پولیس شہدا کے بچوں کے اعلی تعلیم کے سرکاری اداروں میں میرٹ سے ہٹ کر داخلہ اورمفت تعلیم کی فراہمی کے لئے وزیر اعلی پنجاب کی منظوری سے جامع پالیسی وضع کی جائی گی ،پولیس شہدا ہمارے ہیرو ہیں ،ان کے بچوں کی مفت تعلیم کے لئے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے بھر معاونت کی جائے گی تاکہ انہیں حصول علم میں کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔

یہ بات انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین شالیمار ٹاؤن کے پہلے جلسہ عطا ئے اسناد سے خطاب میں کہی ۔صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں طالبات کی سفری مشکلات کے خا تمے کے لئے دو کوسٹر بسوںکی فراہمی سمیت چار کلاس رومز اور ملٹی پرپز ہال کی جلدتعمیر کے لئے خصوصی فنڈز کی فراہمی کا اعلان بھی کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مضافاتی علاقوںکی طالبات کی سہولت کے لئے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین شالیمار ٹاؤن کا درجہ پوسٹ گریجوایٹ تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے طالبات کو اپنے گھروں کے نزدیک پوسٹ گریجوایشن کی سہولت ملے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری کالجوںکے اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ کے لئے 9ڈویثرنل مقامات پر تربیتی اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی36اضلاع کے 721سرکاری کالجوں کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں ابتدائی تجاویز مرتب کر لی گئی ہیں ۔ ان تجاویز کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ اسلام کی ابتدا ’’اقراء ‘‘ سے ہوئی ہے ،علم ہماری ملی میراث ہے۔

ہماری خواہش ہے کہ طالبات اپنے علم و ہنر سے قومی ترقی میں فعال کردار ادا کریں، اس لئے حکومت نے تعلیم نسواں کے فروغ کو یکساں اہمیت دے رکھی ہے۔انہوں نے ملکی صورتحال کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بزدل دشمن ہمیں خوف زدہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔مگر پاکستانی قوم پوری طرح متحد ہے اور ہمارا ہر بچہ کیپٹن مبین ہے ،ہم دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کے رن وے پر پرواز کے لئے تیار ہے اورسی پیک کے منصوبے ہمارے خوشحال مستقبل کا سنگ میل ہیں ۔ڈی آئی جی (آپریشن)حیدر اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی شہباز احمد چوہدری اور پرنسپل پروفیسر شہنازستار نے بھی خطاب کیا-بعد ازاں صوبائی وزیررضا گیلانی نے 2014-16 سیشن کی 44پوزیشن ہولڈرطالبات میں میڈل اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :