محکمہ سیاحت نے آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے جاندار اور موثر حکومت عملی کے تحت عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے

جمعہ 24 فروری 2017 21:51

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس کی ہدایت پر محکمہ سیاحت نے آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے جاندار اور موثر حکومت عملی کے تحت عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ سیاحت کے فروغ کے لیے پہلے اقدام کے طور پر محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام مظفرآباد تا کنگا چوٹی جیپ ریلی کا آغاز کیا گیا ہے ۔

تین روزہ جیپ ریلی کا آغاز سپریم کورٹ چو ک سے ہوا۔ ریلی براستہ جہلم ویلی ، چکار ، سدھن گلی کنگا چوٹی پہنچے گی ۔ محکمہ سیاحت کو جیپ کلب مظفرآبادکا تعاون حاصل ہے ۔ ریلی کے انعقاد کا مقصد ٹور ازم کوریڈور کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ ریلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت ، اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی منصور قادر ڈار کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ دیکر ریاست کی آمدن میں معقول اضافہ کیا جاسکتا ہے اور نجی سیکٹر میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ آزاد کشمیر سیاحت کے لیے انتہائی موزوں علاقہ ہے یہاں کی پرامن فضا ء سیاحت کے فروغ میں اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے سیاحت کے فروغ کے لیے ایک جاندار منصوبہ تشکیل دیا ہے اور جہلم ویلی تا باغ ، راولاکوٹ ٹورازم کور یڈور متعارف کرایاگیا ہے ۔

جہلم ویلی تا راولاکوٹ براستہ باغ سیاحت کے لیے انتہائی محفوظ علاقہ ہے ۔ ٹورازم کو ریڈور کے تحت سدھن گلی تا گنگا چوٹی تک سیاحوں کو عالمی معیار کی سڑک سمیت جملہ سہولیات مہیا کی جائیں گی او رمختلف سیاحتی مقامات پر ریسٹ ہائوس تعمیر کیے جائیں گے ۔ سیکرٹری سیاحت کا کہنا تھا کہ جیپ کلب مظفرآباد کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ٹور ازم کوریڈور کے تعارف میں پہلی اینٹ رکھی ہے ۔

جہلم ویلی تا گنگا چوٹی تک سیاحتی مقامات کی تشہیر کا بنیادی مقصد سیاحوں کو ان علاقوں کی طرف راغب کرنا ہے ، سیاحتی سیزن کی آمد آمد ہے اور لاکھوں سیاحوں کا رخ آزاد کشمیر بالخصوص نیلم ویلی کی طرف ہوگا ۔ سیاحوں کا نیلم ویلی سے دبائو کم کرنے کے لیے نیا ٹورازم روٹ متعارف کرایا جارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹور ازم کو ریڈور کے تحت سڑک کی منظوری ہو چکی ہے ۔

سیاحوں کی فراہمی کے لیے نجی سیکٹر کے تعاون سے مختلف منصوبے شروع کر رہے ہیں ۔ نجی سیکٹر سیاحت کے شعبہ میں دستیاب وسائل سے استفادے کے لیے سرمایہ کاری کرے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو جملہ سہولیات مہیا کی جائیں گی اور انہیں ہر ممکن تعاون مہیا کیا جائے گا۔ ریلی کے آغاز کے موقع پر شہریوں کے بڑی تعداد موجود تھی اور شہریان کی بڑی تعداد نے جیپ ریلی کے شرکاء کو پرتپاک انداز میں رخصت کیا اور موقع پر ڈائریکٹر سیاحت سمیت محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔