ایچ ای سی سٹیم کیرئیر پروگرام،بین الاقوامی سائنس اولمپیڈز کے لئے قومی ٹیموں کا انتخاب، 26فروری کو سکریننگ ٹیسٹ منعقد کیے جائیں گے

جمعہ 24 فروری 2017 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 فروری2017ء) اعلیٰ تعلیمی کمیشن ایچ ای سی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے زیر اہتمام جاری سٹیم کیرئیر پروگرام 26فروری کو بین الاقوامی سائنس اولمپیڈز میں شرکت کے لئے قومی ٹیموں کے انتخاب کے لئے سکریننگ ٹیسٹ کا انعقاد کر رہا ہے۔ سکریننگ ٹیسٹ نو بڑے شہروں بشمول کراچی، کوئٹہ ، حیدرآباد،ملتان، سکھر، فیصل آباد، لاہور، پشاور، اور اسلام آباد میں منعقد کئے جائیں گے۔

بین الاقوامی اولمپیڈز کے مقابلے ایران، پرتگال، رومانیہ، اور سلوواکیہ میں منعقد ہوںگے۔ قبل ازیں سٹیم کیرئیر پروگرام کے تحت پاکستانی با صلاحیت طلباء پر مشتمل ٹیمیں امریکہ، برطانیہ، جرمنی، ترکی، انڈونیشیا، تائیوان، جنوبی کوریہ، سپین ، سنگاپور، ارجنٹینا، سلووینیہ، ایران، کینڈا، ویتنام، بھارت، ہنگری، جاپان، کروشیا، قازقستان، تھائی لینڈ، نیدرلینڈ، ایسٹونیہ، ڈنمارک، سوٹزرلینڈ، جنوبی افریقہ، کولمبیا، جیورجیا، اور ہانگ کانگ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ٹیمیں چار طلائی تمغے، چالیس کانسی کے تمغے اور بیالیس آنریبل مینشنز حاصل کر چکی ہیں۔ سٹیم پروگرام کے تحت ہر سال قومی سائنس ٹیلنٹ مقابلہ کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں سے مختلف شعبہ جات مثلاًً بیالوجی، کیمیا، طبعیات، اور ریاضی میں بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ٹیموں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اِن بین الاقومی مقابلوں میں دنیا بھر سے سائنسی ٹیلنٹ رکھنے والے طلباء شرکت کرتے ہیں۔

سٹیم کیرئیر پروگرام ایچ ای سی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئیرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کی طرف سے شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد سائنسی شعبہ جات میں مستقبل بنانے والے قابل طلباء کی رہنمائی کرنا ہے۔ سٹیم کیرئیر پروگرام کے تحت بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے طلباء کے انتخاب کا عمل ہر سال نومبر میں شروع کیا جاتا ہے ۔ اس عمل میں ویب سائیٹ پر اعلان کے علاوہ اخبارات میں اشتہارات دیے جاتے ہیں اور بعد از آں سکریننگ ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔ (ار)