زرعی تحقیقاتی ادارہ برائے مشینی کاشت کے زیر اہتمام زرعی مشینری کے فروغ کے لئے مانانوالہ میں نمائش کا انعقاد

جمعہ 24 فروری 2017 22:10

فیصل آباد۔24 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء)زرعی تحقیقاتی ادارہ برائے مشینی کاشت کے زیر اہتمام زرعی مشینری کے فروغ کے لئے مانانوالہ میں نمائش کا انعقاد کیاگیا۔ نمائش میں ڈاکٹر محمد اشرف ایگری کلچرل انجینئر (ریسرچ) فیصل آباد نے خطاب کرتے ہوئے تفصیلاً بتایا کہ کیرٹ ڈگر اور کیرٹ واشر انتہائی کم قیمت اور کم خرچ مشینری ہے۔

انہو ں نے کہا کہ کیرٹ ڈگر کا ٹریکٹر کے ذریعے استعمال نہایت آسان ہے جس سے کم افرادی قوت سے زیادہ معیاری کا م کا حصول ممکن ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کیرٹ ڈگر سے کاشتکار ایک سے سوا گھنٹے میں ایک ایکٹر فصل کی برداشت اور 3500 روپے فی ایکٹر بچت کر سکتے ہیں۔ کیرٹ واشر کے بارے میں انہوں نے بتاتے ہوئے کہا کہ گاجر کی دھلائی وصفائی روایتی طریقہ سے انتہائی محنت طلب اور دشوار عمل ہے جس میں زیادہ افرادی قوت اور وقت چاہیے جبکہ کیرٹ واشر سے کاشتکار کم وقت اورافرادی قوت سے گاجر کی دھلائی وصفائی کا عمل سرانجام دے سکتے ہیں جبکہ کیرٹ واشر سے کاشتکار ایک گھنٹہ میں 1500 کلوگرام گاجر کی دھلائی وصفائی کرسکتے ہیں جس سے کاشتکاروں کو فی ٹن گاجر کی دھلائی میں 1000 روپے تک کی بچت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

نمائش میں مدثر عباس ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ (انفارمیشن) ، ڈاکٹر محمد قوی ارشاد اسسٹنٹ ڈائریکٹر(انفارمیشن)،زرینہ یاسمین اسسٹنٹ ایگری کلچرل انجینئر، اسامہ یاسین اسسٹنٹ ایگری کلچرل انجینئر اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔