وزیراعظم محمد نواز شریف ترکی کے تین روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

جمعہ 24 فروری 2017 23:04

وزیراعظم محمد نواز شریف ترکی کے تین روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف ترکی کے تین روزہ دورے کے بعد جمعہ کو وطن واپس پہنچ گئے۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کی سٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کی، ترک قیادت کے ساتھ ملاقات کی اور جامع ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔ ایسن بوگا ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو ترکی کے وزیر برائے امور نوجوانان احمد عاکف کاگاتے کلک نے الوداع کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کے وفد میں بیگم کلثوم نواز، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیر تجارت خرم دستگیر اور معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی شامل تھے۔ واضح رہے کہ پاناما لیکس کیس کا فیصلہ محفوظ کر دیے جانے کے اعلان کے بعد کچھ صحافتی حلقوں کی جانب سے دعوی کیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم دورہ ترکی کے بعد شاید وطن واپس نہ آئیں۔