بیج کی 10سے 12کلو گرام مقدار فی ایکڑ کاشت کرکے بھنڈ ی کی بمپر کراپ حاصل کی جا سکتی ہے،ترجمان

ہفتہ 25 فروری 2017 13:19

فیصل آباد۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء)محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھنڈی موسم گرما کی ایک نقد آور اور انتہائی مقبول ترین سبزی ہے جسے نہ صرف غذائی لحاظ سے بہت اہمیت حاصل ہے بلکہ اس کی کاشت سے کاشتکار بھی مناسب مالی منفعت حاصل کر سکتے ہیں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتا یا کہ بھنڈی کی فصل مارچ کے آخر تک کاشت کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سبز پری بھنڈی کی مشہور اور سفارش کردہ قسم ہے جس کی کاشت سے بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھنڈی کی کاشت کیلئے گرم مرطوب آب و ہوا کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ یہ کہر کے اثر کو برداشت نہیں کرتی اس لئے اگر مطلع ابر آلود یا درجہ حرارت 20ڈگری سنٹی گریڈ سے کم ہو جائے تو بھنڈی کا اگائو بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر بیج کی 10سے 12کلو گرام تک کی مقدار فی ایکڑ کاشت کی جائے تو بھنڈ ی کی بمپر کراپ حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھنڈی کو ہر قسم کی زمین میں کاشت کیا جا سکتا ہے البتہ ذرخیز میرا اور پانی کے بہتر نکاس والی زمین اچھی پیداوار کے حصول کی ضامن ہو سکتی ہے۔