جعلی کھاد اور زرعی ادویات بنانے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے ،ڈپٹی کمشنرحافظ آباد

چیکنگ پر پر مامور افسران باقاعدگی سے ضلع بھر میں کاروائی کرنے کے پابند ہوں گے،محمد علی رندھاوا کا زرعی ٹاسک فورس اجلاس سے خطاب

ہفتہ 25 فروری 2017 21:23

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء)جعلی کھاد اور زرعی ادویات بنانے والوں کے خلاف ٹھوس ایکشن لیاجائے ۔کسانوں اور زمینداروں کے مفاد کا تحفظ محکمہ زراعت کی بنیادی ذمہ داری ہے جسمیں کوتاہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ۔کھادوں اور زرعی ادویات کی چیکنگ پر پر مامور افسران باقاعدگی سے ضلع بھر میں کاروائی کرنے کے پابند ہوں گے اور ان کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جائیگی ۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے زرعی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اے ڈی سی ریونیو اللہ دتہ وڑائچ ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مہر رب نواز اور محکمہ کے افسران ،ٹاسک فورس کے غیر سرکاری اراکین بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس وقت صوبہ بھر میں اربوں کے تاریخی زرعی پیکج کے تحت چھوٹے زمینداروں اور کسانوں کوفی ایکٹر کے حساب سے امداد کی فراہمی جاری ہے جبکہ خصوصی سبسڈی کے تحت کھاد ،بیج اور ادویات بھی سستے نرخوں پر مارکیٹ میں وافر دستیاب ہے انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب تمام ممکنہ اقدامات کسان کی خوشحالی اور زرعی شعبہ کی بہتری کے لئے اٹھا رہی ہے اور محکمہ کے افسران کا فرض ہے کہ وہ ان حکومتی اقدامات کو ہرصورت کامیاب بنانے کے لئے اپنے فرائض ایمانداری اور پیشہ وارانہ خلوص سے اداکریں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مہر رب نواز نے اجلاس کو بتایا کہ 2016میں غیر معیاری اور جعلی کھاد بنانے /فروخت کرنے والے 24افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے جبکہ اسی عرصہ میں 5افراد کے خلاف جعلی زرعی ادویات بیچنے پر ایف آئی آر کا اندراج کروایاگیا انہوں نے بتایا کہ محکمہ کے افسران اور فیلڈ سٹاف فارمرز ڈے کے زریعے گائوں گائوں میں حکومت کے فلاحی اقدامات کے متعلق آگاہی فراہم کر رہے ہیں