سرکاری ملازمین اپنے فرائض منصبی پوری محنت، دیانت ، خلوص نیت ، لگن اور ذاتی پسند نا پسند سے بالاتر ہو کر سر انجام دیں‘علاقائی، لسانی اور گروہی تعصبات سے بالا تر ہو کر ملت اسلامیہ کے فرد کی حیثیت سے اپنے فرائض کی بجا آوری یقینی بنائیں

چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جناب جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کا افسران کو خطاب

ہفتہ 25 فروری 2017 22:15

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جناب جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین اپنے فرائض منصبی پوری محنت، دیانت ، خلوص نیت ، لگن اور ذاتی پسند نا پسند سے بالاتر ہو کر سر انجام دیںعلاقائی، لسانی اور گروہی تعصبات سے بالا تر ہو کر ملت اسلامیہ کے فرد کی حیثیت سے اپنے فرائض کی بجا آوری یقینی بنائیں‘ آفیسران و اہلکاران ایمانداری، دیانتداری، فرض شناسی کو شعار بنائیں کسی قسم کی غفلت ، لاپرواہی، بدیانتی اور سرکاری املاک کو کسی قسم کا نقصان براداشت نہیں کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس سپریم کورٹ آف آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا حلف لینے کے بعد سپریم کورٹ کے آفیسران و اہلکاران سے پہلے باضابطہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیںچیف جسٹس جب سپریم کورٹ پہنچے تو ان کاپرتپاک استقبال کیا گیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف جسٹس نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

بعدازاں چیف جسٹس جب چیمبر بیٹھے تو مبارکباد ینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کے جریدہ ملازمین سے چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جناب جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء اور جج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے خطاب کیا۔ چیف جسٹس نے جملہ افسران سپریم کورٹ سے حلف بھی لیا۔ اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آج کے بعد سپریم کورٹ میں تعینات ہرکوئی آفیسر و اہلکار نماز کا پابند ہو گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئرجج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خا ن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی تقرری اللہ تعالی کی رحمت سے باوقار طریقے سے ہو ئی جس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ مجھے جسٹس ابراہیم ضیاء کے ساتھ کام کرنے کا5 سالہ تجربہ ہے‘ اپنے آپ کو ان کی ٹیم کا حصہ سمجھنا فخر سمجھتا ہوں‘ بطور سینئر جج ابراہیم ضیاء کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حلف صرف ججز کا نہیں بلکہ تمام سرکاری ملازمین کو حلف اٹھانا ہوتا ہے ۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض رجسٹرار سپریم کورٹ ریاض احمد نے سرانجام دیے۔