کشمیردنیاسب سے زیادہ فوجی جمائو والا علاقہ ہے،میر واعظ

بھارت کشمیرمیںمسلمانوںکو تقسیم کرنے کی سازش کرر ہا ہے ،جاپان اور عالمی برادری کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوںجاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیاںبندکرانے میں کردار ادا کریں، چیئرمین حریت فورم

پیر 27 فروری 2017 19:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیرکو کشمیری عوام کی سیاسی خواہشات کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام اور اقتصادی ترقی ممکن نہیں ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے ٹوکیو میںجاپان کے ذرائع ابلاغ کے نمائندوںسے سرینگر سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے جاپان اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوںجاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیاںبندکرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ٹوکیوپریس کلب میںتقریب کا اہتمام جاپان میںمقیم پاکستانیوں اور کشمیریوںنے کیاتھا ۔ میرواعظ نے کہاکہ کشمیر مسلسل دنیاکا سب سے بڑا فوجی جمائو والا علاقہ ہے جہاں سات لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے یکم سے پندرہ مارچ تک کے لیے نیا احتجاجی کیلنڈر جاری کردیا ہے۔

احتجاجی کیلنڈر کے تحت بدھ کو کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کئے جانے کے خلاف پر امن احتجاج کریگی جبکہ جمعہ کوبے گناہ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر یوم مزاحمت منایا جائیگا ۔ نماز جمعہ کے بعد پوری وادی کشمیرمیں پرامن احتجاجی مظاہرے کئے جائیںگے۔ آج سرینگر کے لالچوک میں مزاحمتی رہنمائوں کی قیادت میںایک زبردست بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مزاحتمی رہنمائوں نے تحریک آزادی اور حریت رہنمائوں اور کارکنوںکے خلاف بھارتی سازشوں کی مذمت کی۔ حریت رہنمائوں نے اپنے بیانات میں مقبوضہ علاقے میں ذرائع ابلاغ، مساجد اور مدارس پر کنٹرول حا-صل کرنے کی بھارتی سازش کے حوالے سے رپورٹ پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کا مقصد کشمیری مسلمانوں کو فرقے، زبان اورنسل کی بنیاد پر تقسیم کرنا ہے۔

انہوں نے حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت کی۔ سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے ایک بیان میں زکورہ اور بٹہ مالو قتل عام کے شہداء کو ان کی 27ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو ہرصورت میں منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ میں آج کٹھ پتلی وزیر ظہور احمد میر کے قافلے پر احتجاجی مظاہرین نے حملہ کردیا۔ مشتعل مظاہرین نے علاقے سے گزرنے والے کٹھ پتلی وزیر جنگلات کے قافلے پر پتھرائو کیا۔ بھارت کی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے اور ہوائی فائرنگ کی۔

متعلقہ عنوان :