اچھی ٹیم اور جذبے کے ساتھ منزل کا حصول آسان ہوجاتا ہے، منصور قادر ڈار

کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے محکمہ کے لیے نئے پراجیکٹس شروع کیے جائیں گے ، سیکرٹری اطلاعات

منگل 28 فروری 2017 18:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) سیکرٹری اطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر منصور قادر ڈار نے کہا ہے کہ اچھی ٹیم اور جذبے کے ساتھ منزل کا حصول آسان ہوجاتا ہے۔محکمہ اطلاعات کے لیے نئے پراجیکٹس شروع کیے جائیں گے تاکہ اسکی کارکردگی میں مزید نکھار لایا جاسکے۔ڈی ایس این جی ، جدید ویڈیو کیمرے اور ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کے حصول کے لیے ایک جامع منصوبہ پر کام کیا جا رہا ہے۔

محکمہ اطلاعات کے آفیسران محنت اور لگن سے کام کر رہے ہیں۔انکی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کریں گے۔محکمہ اطلاعات میں سٹاف کی کمی کوپورا کریںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز محکمہ اطلاعات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے انہیں محکمانہ پراگرس کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات نے اس موقع پر محکمہ کے TORsاور SOPکی تیاری میں محنت ،لگن اور عمدہ کارکردگی دکھانے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر خواجہ عمران الحق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ سہیل خان اوریاسر عار ف کو تعریفی اسناد اور شیلڈز دینے کا بھی اعلان کیا ۔ اس موقع پر محکمہ کی کارکردگی میں بہتری کے لیے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی گئیں جو ایک ماہ کے اندر اندر اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کریں گی جن کی روشنی میں محکمہ میں اصلاحات نافذ کی جائیں گی۔

اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چوہدری محمد بشیر، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد بشیر مرزا،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز عبدالمجید طاہر، شوکت علی ملک،راجہ محمد سہیل خان،انفارمیشن آفیسرز طاہر اقبال چغتائی، مقصود احمد میر، ایڈورٹائزنگ آفیسر شمیم انجم عزیز، ایڈمن آفیسر خوشحال کیانی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ انفارمیشن حکومت کا ایک اہم محکمہ ہے جس میں مزید اصلاحات لائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے آفیسران حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کے لیے تخلیقی کام کریں اور اپنے روزمزہ کی ڈیوٹیز سکے ساتھ ساتھ تخلیقی ورک کی طرف توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے آفیسران کی ٹریننگ اور انکی کیپسٹی بلڈنگ کے لیے اقدامات کریں گے اور پراجیکٹس لائیںگے۔ جن آفیسران کی کارکردگی اچھی ہوگی انکی حوصلہ افزائی کریں گے ۔

پبلک ریلیشنز آفیسرز کو محکمہ اطلاعات کے بجٹ پر شفٹ کرنے کے لیے تحریک کی جائیگی تاکہ وزراء کرام کی مناسب کوریج کو ممکن بنایا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ محکمہ اطلاعات نے گزشتہ دو سالوں میں تاریخی ساز اہداف حاصل کیے ہیں۔ دستیاب سہولیات میں محکمہ اطلاعات کے آفیسران بہترین کام کر رہے ہیں۔

محکمہ کے آفیسران کی ٹریننگ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ اطلاعات کو آئی ٹی کے جدید آلات سے لیس کریں گے تاکہ حکومت کی بہترکوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔سیکرٹری اطلاعات نے محکمہ کے اندر ششماہی بنیادوں پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازم کو نقد انعام سے نوازنے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے ملازمین کی انفرادی کارکردگی کے ساتھ ساتھ محکمہ کی مجموعی کارکردگی کو سامنے لانے کیلئے ماہانہ ، ششماہی اور سالانہ بنیادوں پر کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ۔