ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے 4ہزار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈ کی مفت تربیت فراہم کر دی

منگل 28 فروری 2017 21:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 فروری2017ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے 4ہزار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈ کی مفت تربیت فراہم کر دی ہے ۔ ٹیوٹارواں سال 18ہزار بیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈ کی مفت تربیت دے گی۔تیسرے مرحلے میں 2ہزار نوجوانوں کو سکیورٹی ماہر بنانے کیلئے تربیتی پروگرام کا آغاز رواں ماہ سے صوبہ بھر میں 20ٹیوٹا اداروں میں کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصرشیخ نے نے کورس کے حوالے سے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میںجائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، اظہر اقبال شاد، رائو راشد ،مصطفی کمال پاشا، عظمی نادیہ، عائشہ قاضی، مقصود احمد، سرفراز انوراور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن اور موجودہ ملکی سکیورٹی حالات کے پیش نظر ٹیوٹا نے پاک فوج، پولیس، سول ڈیفنس، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین کی زیر نگرانی رجسٹرڈ سکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز کی موجودہ دور کے عین تقاضوں کے مطابق جدید اسلحہ پر مہارتوں اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے 5ہفتے دورانیہ کا تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔

چیئر پر سن ٹیوٹا نے بتایا کہ یہ کورس صوبہ بھر کی15شہروں بشمول لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، راوالپنڈی، اٹک، شیخوپورہ، فیصل آباد، میانوالی، ساہیوال، ملتان، سرگودھا، بہاولپور،ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان میں شروع کیا گیا ہے تاکہ بیروزگار نوجوانوں کو تربیت فراہم کر کے ماہر سکیورٹی گارڈ بنایا جائے جو سکیورٹی کمپنیوں اور معروف اداروں کوسکیورٹی کے حوالے سے ضروریات کو مکمل طور پر پورا کر سکیں۔اس اقدام سے نہ صرف صوبہ میں جرائم کی شرح میںکمی بلکہ دہشت گردی کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ ٹیوٹا اور ہو م ڈیپارٹمنٹ کامیاب امیدواروں کومشترکہ سرٹیفکیٹ جاری کررہے ہیں۔