مہران یونیورسٹی جامشورو میں "ایڈوانسڈ مٹیریلس اینڈ پروسسنگ "کے عنوان پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس شروع

منگل 28 فروری 2017 21:40

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء)مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں "ایڈوانسڈ مٹیریلس اینڈ پروسسنگ "کے عنوان پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس شروع ہو گئی ہے جس میں ملکی وبین الاقوامی ماہرین کی جانب سے تحقیقی مقالے پیش کئے گئے ۔تین روزہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ دنیا میں مٹیریلس انجنئرنگ کا شعبہ ترقی کا ضامن سمجھا جاتا ہے اور جدید مٹیریلس پر تحقیق سے صنعتوں کو بڑی ترقی ملی ہے ، اس لئے ہمارے گریجوئیٹس اور استاتذہ کو اس کانفرنس سے بھرپور تحقیقی فوائد حاصل کرنا چاہیئیں ۔

انہوں نے کہا کہ 10سال پہلے ہمارے پاس ہر دوسرے سال عالمی کانفرنس ہوتی تھی پر اب گذشتہ سال (2016) کے دوران مہران یونیورسٹی میں 6عالمی کانفرنسیں منعقد ہوئی اور اس سال صرف فروری کے مہینے میں 2عالمی کانفرنسیں منعقد ہوئیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں نت نئی تبدیلیوں سے ہمقدم ہونے کے لئے کانفرنسیں مددگار ہوتی ہیں اور تحقیق کے نئے دائرے کھلتے اور سامنے آتے ہیں ۔

ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ کیمیکل انجنیئرنگ اور ٹیکسٹائل انجنیئرنگ کا دنیا میں اب نام بھی تبدیل ہو گیا ہے اور آج کی کانفرنس میں آئے ہوئے اسکالر اس حوالہ سے مہران یونیورسٹی کی رہنمائی کریں۔اس موقع پر مہمان خاص سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے کہا کہ مہران یونیورسٹی نے عالمی کانفرنسیں منعقد کروا کے عالمی سطح پر خود کو منوایا ہے اور یہ ایک خواب تھا جو اب پورا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور مٹیریلس کے شعبہ میں بھی روز با روز تبدیلیاں واقع ہو رہی ہیں جبکہ اس کانفرنس سے ہمارے طلبہ و طالبات اور پروفیشنل ماہرین کو جدید معلومات ملے گی اور انڈسٹری کو بھی فوائد حاصل ہونگے۔ مہران یونیورسٹی کے تین شعبوں کیمیکل انجنیئرنگ ، میٹلرجی اینڈ مٹیریلس انجنیئرنگ اور ٹیکسٹائل انجنیئرنگ کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے چیئرمین ڈاکٹر معظم بلوچ نے کانفرنس کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے لئے 250 تحقیقی مقالے موصول ہوئے جن میں سے 130 منظور ہوئے جو کہ تین ٹیکنیکل سیشنس میں پیش کئے جائینگے ۔

کانفرنس کے سیکرٹری ڈاکٹر فرمان علی شاہ نے ملکی و بین الاقوامی ماہرین کا شکریہ ادا کیا ․ جبکہ افتتاحی تقریب میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی ، ڈین فیکلٹی آف انجنیئرنگ پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن میمن اور برطانیہ ، ملائشیا ، ترکی ، وسط ایشیا،․ایران اور ملک کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے ماہرین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ٹیکنیکل سیشنس میں دوسرے روز آج یکم مارچ کو بھی تحقیقی مقالے پیش کئے جائینگے جبکہ کانفرنس کے آخری روز کل 2 مارچ جمعرات کو مختلف پروجیکٹس کے اسٹال لگائے جائینگے ۔