ترشاوہ پھلوں کی برداشت میں احتیاط سے پھل کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے، ماہرین زراعت

بدھ 1 مارچ 2017 15:05

فیصل آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ زرعی ماہرین باغبانوں اور کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں جبکہ ان کی رہنمائی ، مشاورت ، معلومات ، اطلاعات وغیرہ کیلئے بھی تمام اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے لہٰذا اگر باغبان اور کاشتکارماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد کریں تو اعلیٰ کوالٹی کا پھل حاصل کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف اندرون ملک فروخت بلکہ بیرون ملک ایکسپورٹ کے ذریعے کاشتکار و باغبان بھاری مالی منافع حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ باغبانوں اور کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں کی برداشت جدید طریقے سے کرنی چاہیے تاکہ پھل ضائع ہونے کا خدشہ نہ رہے۔انہوںنے کہا کہ پھل کو صحیح حالت میں اور ٹھیک طریقے سے توڑنا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ ف-صل کی برداشت سے پہلے پھل کی پختگی کا بھی تعین کر لینا چاہیے اور ترشاوہ پھل اس وقت توڑنا چاہیے جب اس میں مٹھاس کی مناسب مقدار موجود ہو ۔ انہوںنے کہا کہ اگر ہاتھوں سے توڑنے کی بجائے ترشاوہ پھلوں کو ٹہنی کے ساتھ تیز قینچی سے توڑا جائے تو وہ زیادہ دیر تک اپنی تازگی ، لذت ، ذائقہ اور کوالٹی برقرار رکھ سکتا ہے۔