کاشتکاروں کو سورج مکھی کی کاشت بروقت مکمل کر نے کی ہدایت

بدھ 1 مارچ 2017 15:05

فیصل آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2017ء) ماہرین زراعت نے شمالی پنجاب کے کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ سورج مکھی کی کاشت رواں ماہ مارچ کے پہلے ہفتہ تک مکمل کر لیں جبکہ جنوبی پنجاب میں بھی سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کیلئے فروری کا مہینہ بہترین ہو تا ہے تاہم اگر کسی جگہ پر کاشتکار اب بھی فصل کاشت کرنا چاہیں تو وہ کاشت کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ سورج مکھی ایک منافع بخش فصل ہے جس سے زمیندار کم از کم 25سے 30 ہزار روپے فی ایکڑ آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سورج مکھی موسم بہار اور موسم خزاں میں انتہائی کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے۔ اس کے بیج میں 40سے 50فیصد تک اعلیٰ قسم کا تیل اور 20سے 22فیصد تک پر وٹین پائے جاتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سورج مکھی کا تیل صحت کیلئے انتہائی مفید ہے جو انسانی جسم میں کولیسٹرول لیول کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتا یا کہ سورج مکھی کی کاشت مختلف فصلوں کے ساتھ ردو بدل میں کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے۔ یہ اپنی گہری جڑوں کی وجہ سے پانی کی کمی بھی برداشت کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور کم خرچ کے باوجود فی ایکڑ 40سے 45 من تک پیداوار دیتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سورج مکھی سیم زدہ اور زیادہ کلراٹھی زمین کے علاوہ جنوبی پنجاب ، شمالی پنجاب ، زیریں سندھ ، بالائی سندھ ، میدانی علاقوں ، پہاڑی علاقوں میں بآسانی کاشت کی جا سکتی ہے۔

انہوںنے بتا یا کہ زمین کی تیاری کیلئے ایک بار مٹی پلٹنے والا ہل ضرور چلایا جائے تاکہ پودوں کی جڑیںگہرائی تک جا سکیں اور بعد میں کلٹی ویٹر اور سہاگہ کی مدد سے بھی زمین کو تیار کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے بتا یا کہ آبپاشی کا دارو مدار موسمی حالات پر ہوتا ہے تاہم پہلا پانی فصل کی روئیدگی کے 20سے 30دن کے بعد دے دینا چاہیے۔انہوںنے بتا یا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن یا قریبی ماہرین زراعت سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔