عنقریب جماعتی اور حکومتی عہدیداران ‘ عوام علاقہ نیلم کی خدمت کیلئے مستقلاً ضلعی ہیڈکوارٹر ہمہ وقت حاضر ہونگے‘خواجہ محمد بشیر

جمعرات 2 مارچ 2017 20:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2017ء) مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدرراجہ محمد یوسف خان ‘ ضلع نیلم کے صدر محمد ارسل خان اورحلقہ نیلم کے صدر خواجہ محمد بشیرنے کہا کہ عنقریب جماعتی اور حکومتی عہدیداران ‘ عوام علاقہ نیلم کی خدمت کیلئے مستقلاً ضلعی ہیڈکوارٹر ہمہ وقت حاضر ہونگے۔ مسلم لیگ کی حکومت سرکار ی مشینری سے توقع رکھتی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

ان خیالات اظہار گزشتہ روز انہوں نے پریس کلب میں صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کے جملہ عہدیدراران و کارکنان سے گزارش ہے کہ وہ مخالفین کے پروپیگنڈہ سے بچیں ۔ مخالفین ن لیگ کی صفوں میں داخل ہو کر جماعت اور کارکنان میں اختلافات ڈالنے کی سازش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

جماعتی کارکنان قیادت کے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے مستقبل کی کامیابی کیلئے محنت اور لگن سے کام لیں اورکسی سازش کا شکار نہ ہوں ۔

جماعتی ڈسپلن کی پاپندی کی جائے۔ جماعت لمحہ بہ لمحہ عوام کی خدمت اور لوگوں کی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔ مستقبل میں کئی بڑے تعمیراتی منصوبہ جات کیساتھ نوجوانوں کیلئے روزگارکے مواقع کھلیں گے جس سے نیلم میں خوشحالی کا دور دورہ ہو گا ۔ شاہ غلام قادر کی قیادت میں حلقہ نیلم دن دگنی رات چگنی ترقی کریگا۔ انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بالائی نیلم کے دور دراز علاقہ جات کا تفصیلی دورہ کرکے لوگوں کی مشکلات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔