امتحانی مر ا کز میں کسی غیر متعلقہ شخص کودا خلے کی اجازت نہ دی جائے،کمشنر

جمعہ 3 مارچ 2017 12:42

اوکاڑہ۔3 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2017ء)کمشنر ساہیوال ڈویژن /چیئرمین بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ امتحانی مراکز میں امتحانات دینے والے طالب علموں کو اس طرح کا ماحول فراہم کیا جائے کہ وہ یکسوئی سے امتحان دے سکیں امتحانی سنٹروں میں معقول روشنی کا انتظام اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں متبادل نظام کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں امتحانی سنٹروں میں طالب علموں اور نگران عملہ کے علاوہ کسی غیر متعلقہ شخص کو داخلہ کی ہر گز اجازت نہ دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج ،گورنمنٹ ستلج بوائز ہائی سکول اوکاڑہ اور گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول بوائز رینالہ خورد کے امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی او سی چوہدری طاہر امین و دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر بابر حیات تارڑ نے کہا کہ امتحانی مراکز میں امتحانی پرچہ جات کو مقررہ وقت میں شروع کروایا جائے اور مقررہ وقت پر ختم کروایا جائے طالبعلموں کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیکیورٹی کے لئے اقدامات کو اولین اہمیت دی جائے انہوں نے نگران عملہ اور سپرنٹنڈنٹ صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ امتحانات میں شفافیت کے اعلیٰ معیار کو قائم کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں امتحانی مراکز کی حدود میں گائیڈ ،کتاب ،حل شدہ پرچہ جات اور دیگر مواد کی موجودگی ناقابل برداشت ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔