مقبوضہ کشمیرمیں (آج) یوم مزاحمت کے موقع پر مظاہرے اور جھڑپیں،سیدعلی گیلانی گھر میںنظربند ، شبیر شاہ گرفتار

جمعہ 3 مارچ 2017 20:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء)مقبوضہ کشمیر میں آج یوم مزاحمت کے موقع پر لوگوں نے زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے جبکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم مزاحمت منانے کی کال سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی غیر قانونی نظر بندی کے خلاف احتجاج کے لئے دی تھی۔

سرینگر، بڈگام، بانڈی پورہ ، حاجن ، بارہمولہ ، سوپور، پلہالن ، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیان ،کولگام اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست مظاہرے کئے ۔مظاہرین نے آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے اور پاکستانی جھنڈے لہرائے۔

(جاری ہے)

مظاہرین کی قیادت حریت رہنمائوں آغا سید حسن الموسوی الصفوی ، نور محمد کلوال ، شوکت احمد بخشی، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر ، تحریک حریت اور عوامی ایکشن کے اراکین نے کی۔

سرینگر، سوپور ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں بھارتی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ گن ، پاواشیل اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعدمظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی۔پولیس کی کارروائی میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے مظاہروںکے دوران متعدد حریت رہنمائوں اور کارکنوںکو گرفتاربھی کیا ۔

کٹھ پتلی حکام نے حریت رہنماء سید علی گیلانی کو مسلسل گھر میںنظربند رکھا۔ مختار احمد وازہ بدستور زیر حراست رہے ۔ بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شبیر احمد شاہ کو ترال قصبے سے گرفتار کرلیا وہ وہاں ممتاز مجاہد کمانڈر برہان وانی کے والدین سے ملاقات کیلئے گئے تھے۔تحریک حریت جموںوکشمیر نے سرینگر میںایک بیان میںغیرقانونی طورپر نظربند رہنماء پارٹی رہنماء حاکم الرحمن سلطانی کو بارہمولہ ہسپتال سے کپواڑہ جیل منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ وہ اپنے ٹوٹے بازو کے آپریشن کیلئے ہسپتال میں داخل تھے تاہم پولیس نے انہیں زبردستی جیل میں نظربند کردیا ۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس اور آزادی پسندرہنمائوں محمد یاسین ملک اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے بیانات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کومظاہرین سے نمٹنے کیلئے مزید 5ہزار پیلٹ گنیں اور 6لاکھ پیلٹس کی فراہمی کی منظوری کی اطلاعات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا ۔ دریں اثناء پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ میںگزشتہ رات چھاپے کے دوران بھارتی پولیس کی طرف سے بیس بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کیخلاف آج مکمل ہڑتال کی گئی ۔