ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ اہم سنگ میل ہے، چودھری نثار

فیصلے سے اطمینان ہوا پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو برائی، کرپشن اور سیاسی طاقت کی دیواریں گرا کر انصاف پر مبنی فیصلے کر سکتے ہیں ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کرپشن کی ایک ایسی عمارت تھی جس کو بہت سے سرکاری، غیر سرکاری، نجی اداروں اور شخصیات نے ملکر تعمیر کیا مگر انصاف کے ایک فیصلہ نے یہ عمارت زمین بوس کر دی، وفاقی وزیر داخلہ کا تبصرہ

جمعہ 3 مارچ 2017 23:37

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ اہم سنگ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اس بات پر انتہائی اطمینان ہوا کہ پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو برائی، کرپشن اور سیاسی طاقت کی دیواریں گرا کر انصاف پر مبنی فیصلے کر سکتے ہیں۔

جمعہ کوہائیکورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھے اس بات پر بھی اطمینان ہے کہ انصاف کے حصول کا سفر خواہ کتنا ہی کٹھن اور طویل کیوں نہ ہو بالآخر اس کا اختتام انصاف کی جیت پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے یہ بھی پیغام جاتا ہے کہ کرپشن خواہ سرکاری اور حکومتی اداروں میں ہو یا پرائیویٹ سیکٹر کی ملی بھگت سے، اس کا راستہ روکنے کیلئے پاکستان میں بھی لوگ موجود ہیں اور یہ پاکستان کے مستقبل کیلئے انتہائی خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کرپشن کی ایک ایسی عمارت تھی جس کو بہت سے سرکاری، غیر سرکاری، نجی اداروں اور شخصیات نے مل کر تعمیر کیا مگر انصاف کے ایک فیصلہ نے یہ عمارت زمین بوس کر دی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا فیصلہ ان لوگوں کیلئے بھی لمحہ فکریہ ہے جو ذاتی مفادات، اقرباء پروری یا دیگر ترجیحات اور فائدوں کو مدنظر رکھ کر قومی مفادات کا تحفظ کرنے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور مختلف لوگوں کیلئے مختلف اصول رائج کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :