پنجاب اور سندھ کی حکومتیں اپنے صوبوں میں پختونوں اور بلوچوں کے خلاف متعصبانہ سرگرمیوں کا نوٹس لیں،بلاجواز پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کیا جائے ،پاکستان میں دہشتگردی کسی پاکستانی کا نہیں ، کلبھوشن ، ریمنڈ ڈیو س اور بلیک واٹرز کے ایجنٹوں کا کام ہے ،اسلام دشمنوں نے پاکستا ن کو ہدف بنارکھاہے جو عدم استحکام کے لیے ہماری قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں

،دہشتگردی پوری قوم کا مسئلہ ہے، اسے سندھی ، پنجابی ، پختون اور بلوچی کی لڑائی نہ بنایا جائے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق پاکستان کا پختون جرگہ سے خطاب

جمعہ 3 مارچ 2017 23:48

پنجاب اور سندھ کی حکومتیں اپنے صوبوں میں پختونوں اور بلوچوں کے خلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پنجاب اور سندھ کی حکومتیں اپنے صوبوں میں پختونوں اور بلوچوں کے خلاف متعصبانہ سرگرمیوں کا نوٹس لیںبلاجواز پکڑ دھکڑ کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے کہاکہ جب تک فوج کی پشت پر عوام نہ ہوں وہ کوئی معرکہ سر نہیں کر سکتی ، پاکستان میں دہشتگردی کسی پاکستانی کا نہیں ، کلبھوشن ، ریمنڈ ڈیو س اور بلیک واٹرز کے ایجنٹوں کا کام ہے ، کلمہ کی بنیاد پر بننے والا اسلامی دنیا کا قائد اور ایٹمی قوت کا حامل پاکستان دشمن کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھتا ہے اس لیے اسلام دشمنوں نے پاکستا ن کو ہدف بنارکھاہے ،عراق ، افغانستان ، یمن اور شام کے بعد وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے ہماری قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں ،دہشتگردی پوری قوم کا مسئلہ ہے اسے سندھی ، پنجابی ، پختون اور بلوچی کی لڑائی نہ بنایا جائے، اسلام پسندوں کو دیوار سے لگانے کے لیے رد الفساد کی آڑمیں سیکولر قوتیں خود دہشتگردی کی سہولت بنی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو منصورہ میں پختون جرگہ سے خطاب کر رہے تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جب تک فوج کی پشت پر عوام نہ ہوں وہ کوئی معرکہ سر نہیں کر سکتی ۔ دشمن ہماری قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے اورہمیں قومیت ، لسانیت اور مسلکوں کے اختلافات میں الجھا رہاہے ۔ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے ضروری ہے کہ ہم دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے باہمی اتحاد کو قائم رکھیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی پرامن اور محب وطن قوم ہیں جس نے بھارت ، امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سا لمیت اور تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ باہمی اختلافات کو ختم کر کے ملک میں اخوت و محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں حکمرانوں کی بداعمالیوں اور کالے کرتوتوں کی وجہ سے آج پاکستان اور پنجاب کو گالیاں مل رہی ہیں اور لسانی تعصبات کو ابھرنے کا موقع مل رہاہے ۔

انہوں نے پنجاب اور سندھ میں پختونوں اور بلوچوں کی پکڑ دھکڑ اور کئی کئی دن تھانوں میں بند کر کے تفیش کے نام پر تذلیل اور تضحیک کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سا لمیت سے کھیلنے کے مترادف قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ دونوں صوبائی حکومتیں فوری طور پر ان کاروائیوں کا سختی سے نوٹس لیں ۔انہوں نے کہاکہ اسلام پسندوں کو دیوار سے لگانے کے لیے رد الفساد کی آڑمیں سیکولر قوتیں خود دہشتگردی کی سہولت بنی ہوئی ہیں ۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمہ اور امن کے قیام کے لیے کوئی محب وطن اختلاف نہیں کر سکتا ۔ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں مذہب ، مساجد ، علم اور اب رد الفساد آپریشن میں لسانی ، علاقائی قومیتوں کا فساد کھڑا کر دیا گیاہے ۔ حکومتیں اور سیکورٹی فورسز اس کا سدباب کریں ۔

پختون محب وطن اور محب دین ہیں ، لاہور اور پنجاب کے ہر شہر میں عوام پختونو ں سے کیے جانے والے اقدامات سے نالاں ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ میں اٹھنے والی تعصبات کی لہر پر فوری اقدامات کریں ۔انہوں نے کہاکہ فاٹا کے عوام کو آئینی ، جمہوری اور بنیادی انسانی حقوق مل کر رہیں گے ۔لیاقت بلوچ نے پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں فائنل کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ نوجوانوں سے کھیل کے میدان آباد ہوں تو نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ ہوتاہے کھیل کو دہشتگردی اور سیاست کی پھڈا بازی سے پاک رہنا چاہیے ۔

رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پختونوں کے ساڑھے تین لاکھ سے زائد بلاک کیے گئے شناختی کارڈ فوری بحال کیے جائیں اور نئے شناختی کارڈز کے اجراء میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پختونوں نے پاکستان کی حفاظت کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں اور لاکھوں پختون بغیر تنخواہ کے آج بھی فوج کے شانہ بشانہ یہ قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پختونوں کو پکڑ کر انہیں تھانوں میں بند کردیا جاتاہے اور پھر ہزاروں روپے رشوت لے کر چھوڑا جاتاہے ۔پولیس یہ دکانداری بند کر ے ۔امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم ہر جگہ امن کمیٹیاں تشکیل دے کر اپنے پختون اور بلوچ بھائیوں کے مسائل حل کریں گے ۔(اع)