تر جمان پنجاب حکومت زعیم قادری نے ’’جوتے ‘‘کے معاملے پر شیخ رشید سے ’’معافی ‘‘مانگ لی

عمران خان کا قذافی اسٹیڈیم میں نہ آنے کا فیصلہ ان کا اپنا مسئلہ ہے، جو میچ دیکھنے آئے گا وہ سرآنکھوں پر ہو گا‘ زعیم قادری

اتوار 5 مارچ 2017 15:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مارچ2017ء) تر جمان پنجاب حکومت و صوبائی وزیر زعیم حسین قادری نے ’’جوتے ‘‘کے معاملے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے ’’معافی ‘‘مانگ لی ۔ اتوار کے روز لاہور میں قذافی سٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ شیخ رشید عوامی لیڈر ہیں اور ان کے ساتھ لاہور ریلوے اسٹیشن پر پیش آنیوالے جوتے کے معاملے پر ہونے والی زیادتی پر معافی مانگتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرکٹ واپس آ رہی ہے جو خوش آئند بات ہے، کرکٹ کی بحالی اور پاکستان کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئے پوری قوم فائنل میچ کو کامیاب بنائے گی، حکومت کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور عوام کو اچھی تفریح فراہم کی جائے گی‘ عمران خان کا قذافی اسٹیڈیم میں نہ آنے کا فیصلہ ان کا اپنا مسئلہ ہے، جو میچ دیکھنے آئے گا وہ سرآنکھوں پر ہو گا، شائقین کی مہمان نوازی کے لئے تمام وزرا سڑکوں پر ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شیخ رشید کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں، بطور لاہوری ان سے معافی بھی مانگتا ہوں وہ پاکستانی لیڈر اور عوامی نمائندے ہیں ان کا اسٹیڈیم آمد پر استقبال کیا جائے گا اور انہیں بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی آج کے میچ پر کوئی سیاست نہیں کریں گے۔