وزیراعظم محمد نواز شریف (آج) کویت کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے، دورہ کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے‘ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح بایان پیلس میں وزیراعظم کا استقبال کریں گے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف وفود کی سطح پر کویتی وزیراعظم ساتھ بات چیت کریں گے‘ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر تبادلہ خیال ہوگا

اتوار 5 مارچ 2017 23:31

وزیراعظم محمد نواز شریف (آج) کویت کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے، دورہ ..
اسلام آباد۔5 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف (آج) 6 مارچ کو کویت کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے، دورہ کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم کے معاون خصوصی امور خارجہ سید طارق فاطمی اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

وزیراعظم کا دورہ کویت دوطرفہ، علاقائی اور عالمی تناظر میں اہم وقت پر ہورہا ہے۔ دورہ کے دوران وزیراعظم نواز شریف کویت کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ملکوں کے مابین بھائی چارہ پر مبنی قریبی روایتی تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم کویتی سرمایہ کاروں کے مخصوص اجتماع کے علاوہ کویت میں مقیم پاکستانی برادری کے اراکین سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح منگل کو بایان پیلس میں وزیراعظم کا استقبال کریں گے جہاں تفصیلی ملاقات ہو گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف وفود کی سطح پر کویتی وزیراعظم شیخ جابر المبارک الحمد الصباح کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف کویتی پارلیمنٹ کے سپیکر مرزوک الفانم سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستان۔کویت پارلیمانی تعلقات کو حالیہ برسوں میں فروغ حاصل ہوا ۔ ان ملاقاتوں میں وزیراعظم دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں موجود تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے کویتی حکام سے تبادلہ خیال کریں گے جن میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے شعبوں، مالیاتی شعبہ، دفاع، برآمدات و افرادی قوت، ہیلتھ سروسز، صنعتی شعبہ اور میڈیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون میں بہتری شامل ہیں۔

دونوں اطراف سے موجود مختلف معاہدوں اور مختلف شعبوں میں کی گئی مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف بڑے کویتی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے گروپ سے بھی خطاب کریں گے۔ کویت پاکستان میں جی سی سی کا اہم سرمایہ کار ملک ہے۔ یہ دورہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے دستیاب سودمند کاروباری ماحول کو اجاگر کرنے کیلئے کارآمد مواقع فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نواز شریف پاکستان کے منفرد کردار کو اجاگر کریں گے جو پاکستان جی سی سی ممالک بشمول پڑوسی ممالک کے مابین روابط اور اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے ادا کرسکتا ہے۔یہ دورہ کویت میں مختلف شعبوں میں مثالی خدمات ادا کرنے والے ایک لاکھ 14 ہزار پاکستانیوں کی خدمات اور کردار کو اجاگر کرنے میں بھی مفید ثابت ہوگا۔ پاکستانی کمیونٹی کویت اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔

وزیراعظم کویت میں مقیم پاکستانی برادری کے مخصوص اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف کا دورہ کویت باقاعدگی سے دوطرفہ تبادلوں کا حصہ ہے۔ وزیر اعظم محمد نوازشریف کی دعوت پر کویت کے وزیر اعظم شیخ جبارالمبارک الحماد الصباح نے 10 سے 12 نومبر 2013ء کو دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے 50سال کی تکمیل کے موقع پر پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کے مئی 2013ء میں عہدہ سنبھالنے کے بعد جی سی سی ممالک کے وہ پہلے وزیراعظم تھے جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔ پاکستان اور کویت کے درمیان قریبی اور بردارانہ تعلقات ہیں۔ کویتی عوام نے ہمیشہ پاکستان کی کویت کی بحالی کی کوششوں کی تعریف کی ہے جو پاکستان نے 1991ء میں کویت پر عراقی قبضہ کے بعد کی تھیں۔ پاکستان اور کویت اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہت فورموں پر بھی بڑے پیمانے پر تعاون کرتے ہیں اور بہت سے علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :