کلر سیداں محکمہ زراعت کے زیراہتمام ہفت روزہ تلفی جڑی بوٹیاں مہم کا افتتاحی پروگرام

پیر 6 مارچ 2017 16:14

کلرسیداں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء) کلر سیداں محکمہ زراعت (توسیع ) کے زیراہتمام ہفت روزہ مہم تلفی جڑی بوٹیاں کا افتتاحی پروگرام منعقد کیا گیا۔تقریب میں متعدد کاشتکاروں و زمینداروں کے علاوہ محکمہ زراعت کی جانب سے ڈاکٹر محمد خالد اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کلر سیداں ، بشارت محمود زراعت آفیسر(توسیع) کلر سیداں اورمحمدظہیر عباس واٹر منیجمنٹ آفیسر نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پرڈاکٹر محمد خالد اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کلر سیداں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ جڑی بوٹیاں فصلات، زمین اور چراہ گاہوں کے لئے انتہائی خطرناک صورت حال پیدا کر رہی ہیں۔اس خطرہ سے آگاہی اور تدارک کے لئے محکمہ زراعت نے پورے پنجاب میں ہفت روزہ مہم کا آغاز کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکیا کسان رجسٹریشن پراجیکٹ کے تحت تمام زمینداران کااندراج کیا جا رہا ہے ، جس کے تحت انہیں کسان کارڈ جاری کیا جائے گا۔

جو کہ کسان کی شناخت ہو گی۔ آئندہ حکومت پنجاب کی جانب سے مراعات صرف رجسٹرڈ کسانوں کو ہی ملیں گی۔اس موقع پر مجوزہ اندراج فارم تقسیم کئے گئے اور زمینداران کو ہدایت کی گئی کہ فارم مکمل کر کے محکمہ زراعت کے دفتر میں جمع کرائیں۔بشارت محمود، زراعت آفیسر(توسیع) کلر سیداں نے شرکا ء کو گندم کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے بارے میں مفصل معلومات فراہم کیں۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ گاجر بوٹی اور لینٹاننا(Lantanana) جھاڑی علاقہ کی زمینوں اور چراگاہوں کو وسیع پیمانے پر تباہ کر رہی ہیں، انکے تدارک کے لئے راوئنڈ اپ دوائی 3 لٹر فی 100 لٹر پانی میں ملا کر سپرے کرنے کی ہدایت کی اور موقع پر کاشتکاران کے زرعی مسائل کا حل پیش کیا۔محمدظہیرعباس واٹر منیجمنٹ آفیسر نے آگاہ کیا حکومت پنجا ب نے راولپنڈی ریجن کو وادیء زیتون قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اصلاح آبپاشی کے منصوبوں اور زیتون کی کاشت کے لئے حکومت پچاس سے اسی فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے،ڈرپ نظام آبپاشی کے تحت ایک ایکڑ سے 5تا8 لاکھ آمدن ممکن ہے۔ اس کے علاوہ ٹنل فارمنگ اور سولر سسٹم بھی لگوا سکتے ہیں، جس کے ذریعے کم خرچ میں زیادہ فائدہ ممکن ہے۔