حکومت نے میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں، سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحید

پیر 6 مارچ 2017 17:44

آٹھ مقام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مارچ2017ء) سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ حکومت نے میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں۔ وادی نیلم کے عوام کو حالت کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ رشوت کرپشن کا بول بالا ہے۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے سرکاری دفاتر کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ رشوت کے ریٹس میں اضافہ کر کے حکومت کی سر پرستی میں عوام کی کھا ل ادھیڑی جا رہی ہے۔

شاہ غلام قادر نے پچھلے دس سالوں میں منافقت کر کے عوام میں جو نفرت بھری ہے اب خود اس کا شکار ہو چکا ہے۔ عوام کو دودھ اور شہد کی نہریں دینے کا اعلان کرنے والے شاہ غلام قادر نے وادی نیلم کی عوام کو2017 سے اٹھا کر1995 میں دھکیل دیا ہے۔ عوام نے جہد مسلسل کے بعد امن اور خوشحالی حاصل کی تھی لیکن شاہ غلام قادر نے وادی نیلم کے عوام کو پتھر کے دور میں دھکیلنے کے لئے عوام کو سہانے خواب دکھا کر اب رفو چکر ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

وادی نیلم کے عوام کے ساتھ تاریخی فراڈ ہوا ہے۔ 41 ہزار کی گاڑی حادثہ کا شکار ہو چکی ہے۔ اب ان کو ٹھکانے لگانے والا بھی کوئی نہیں ہے۔ شاہ غلام قادر کبھی کام نہ ہونے کا الزام وزیر اعظم اور کبھی بیورو کریسی کو ٹھہراتا ہے۔ کام کرنے کے قاعدے ضابطے ہوتے ہیں۔ شاہ غلام قادر اپنی خواہشات کو گڈ گورننس کا نام دے کر عوام سے فراڈ کر رہا ہے موصوف کو 2010 کی تحریک التواء یاد ہونی چائیے جوکہ اسمبلی ریکارڈ کا حصہ ہے موصوف سمجھتا ہے کہ 41 ہزار ووٹ لینے کے بعد کوئی زبان بھی نہ کھولے موصوف کبھی اخبارات کو خط لکھتا ہے کبھی میڈیا ہائوسز کے ڈیسکوں پر فون کر کے کہتا ہے کہ میرے خلاف آنے والی خبریں جھوٹی ہیں اس کے متعلق کسی نے کچھ نہیں کہا ہے۔

سپیکر اسمبلی کوئی مقدس گائے نہیں کہ اس کا احتساب نہ ہو سکے ووٹر زاس کا محاسبہ کریں۔ حالیہ تقرریوں تعیناتیوں سے موصوف کی منافقت بے نقاب ہو چکی ہے۔ پڑھے لکھے تعلیم یافتہ میرٹ پر آنے والے لوگ منہ دیکھتے رہ گئے ہیں۔ جی حضوری کرنے والے لوگ جوکہ میرٹ پر بھی نہیں آتے ہیں تعینات کرکے میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی گئی ہیں۔ عوام سپیکر اسمبلی کی عوام دشمن سرگرمیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ہے اسلام آباد کے ساتھ ہی مظفرآباد میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کا سورج ہمیشہ کے لئے غروب ہو رہا ہے۔

اس سے بڑی کیا بد انتظامی ہو سکتی ہے کہ نیلم کی آسامیاں منتقل کی جا رہی ہیں۔ شاہ غلام قادر نے قائم مقام صدارت کو ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے وادی نیلم کی269 پوسٹوں کو ختم کیا ہے۔ تعلیمی ادارے شاہ غلام قادر کی بے جا مداخلت کی وجہ سے بند ہو رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں ادویات نہیں ہیں۔ ڈاکٹرز سیاسی اثرورسوخ کی وجہ سے بھاگ گئے ہیں۔ عوام کو بھاری مینڈیٹ کے بدلے ذلت رسوائی دی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کو بھوکے جونکوں کے رحم کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے پیپلز پارٹی آئندہ دو ہفتوں میں حکومت کی بدانتظامی کے خلاف لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔ حکومت اپنی موت خود مر جائے گی جس طرح حکومت نے لچھمے کام پکڑ ہوئے ہیں مزید چھ ماہ میں ہی دھڑن تختہ ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :