چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور علاقائی روابط اور تجارت کیلئے بڑا موقع ہے،غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی اقتصادی زونز قائم کر دیئے،کویتی سرمایہ کار بھی پاکستان میں اپنے اقتصادی زونز قائم کریں، حکومت ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف کی معروف کویتی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے گروپ اور پاکستانی وفد سے بات چیت

منگل 7 مارچ 2017 00:41

کویت سٹی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور علاقائی روابط اور تجارت کیلئے ایک بڑا موقع ہے۔ پیر کو یہاں بیان پیلس میں معروف کویتی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے گروپ اور پاکستانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی توانائی، انفراسٹرکچر، روڈز اور ریلوے کے شعبوں کو نمایاں طور بہتر بنایا ہے۔

وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل نے کویتی چیف ایگزیکٹو افسران کو پاکستان کی اقتصادی صورتحال اور تیل، گیس، معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، ہائیڈل پاور اور دیگر معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کویتی سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے اقتصادی زونز قائم کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے اور ان کے بزنس میں آسانی پیدا کرنے کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب سرمایہ کاری پر بہترین منافع کی شرح فراہم کرتا ہے، بینکاری کا شعبہ شریعہ بینکاری کا آپشن فراہم کرتا ہے۔

چیف ایگزیکٹو افسران نے کویت کا دورہ کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے پر وزیراعظم سے تشکر کا اظہار کیا۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستانی بڑی محنتی قوم ہیں اور ہم نے ان کے ساتھ مل کر اچھا بزنس کیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو افسران میں نیشنل انڈسٹریز گروپ کے چیئرمین سعد ایم السعد، نور فنانشل انویسٹمنٹس کے چیئرمین ڈاکٹر فہد سلیمان الخالد، انرٹیک کویت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبداللہ المطیری، المدینہ فنانس اینڈ انویسٹمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسف موسیٰ العبدالرزاق، بیکری انرجی سسٹمز کے ایم ڈی حسین الشاما، امپلز ٹیلی کمیونیکیشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عزت ابو عمارہ، کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدر ناصر السوبی، السلام ہورڈنگ گروپ کے وائس چیئرمین فلاح فہد الحجری شامل تھے۔