صوابی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے ایک کیپٹن اور جوان شہید -ملک بھر آپریشن ”ردالفساد“جاری درجنوں افراد گرفتار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 7 مارچ 2017 11:41

صوابی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے ایک کیپٹن اور جوان ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 مارچ۔2017ء) صوابی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے ایک کیپٹن اور جوان شہید ہوگئے ہیں ۔پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ”رد الفساد“ کے دوران سیکورٹی فورسز نے صوابی کے علاقے ملک آباد میں انٹیلی جنس بنیاد پرآپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں کیپٹن جنید اور سپاہی امجد شہید ہوگئے۔

فروری میں ملک کے مختلف شہروں میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے 22 فروری کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن”رد الفساد“ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

22 فروری کے بعد سے اس نئے فوجی آپریشن کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرکے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کیا ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں آپریشن رد الفساد میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، آپریشن کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔جلال پوربھٹیاں میں اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، اسلحہ گاڑی میں چھپا کر اسمگل کیا جارہا تھا ، پولیس نے ملزم کلیم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اٹک میں رینجرز اور سیکیورٹی اداروں نے چار افغانوں سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کے قبضے سے پانچ پستول، دو کلاشنکوف، تین رائفلیں، گولیاں اور منشیات برآمد ہوئی، ڈی جی خان میں رینجرز اور پولیس نے بلاک بی میں کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔نارووال میں سرچ آپریشن میں تین مشتبہ افراد پکڑے گئے ، ملزمان سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں، لیاقت پور میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر دو مالک مکان کے خلاف پرچے کٹ گئے۔خیبر پختون خوا نوشہرہ جلوزئی کے علاقے میں پولیس آپریشن کے دوران جرمن نیشلٹی ہولڈر انور زیب کو بازیاب کرالیا گیا، جسے تین روز قبل تاوان کے لیے اغوا کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :