پوٹاش کھاد پر سبسڈی چھوٹے کاشتکار اولین ترجیح

سبسڈی سکیم میں بینکوں کا کردار ختم، ایک شناختی کارڈ پر کھاد کے تین بیگ دستیاب

منگل 7 مارچ 2017 19:02

پوٹاش کھاد پر سبسڈی چھوٹے کاشتکار اولین ترجیح
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب کی ایس او پی اور ایم او پی کھاد پر سبسڈی کے دائرہ کار میں تمام کسان بالخصوص چھوٹے کاشتکار شامل ہیں۔ یہ سکیم 8ایکڑ زمین کے مالکان تک محدود نہیں ہے تاہم حکومت پنجاب ایک قومی شناختی کارڈ پر کھاد کے تین بیگ مہیا کر رہی ہے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں کو فائدہ پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

اس سبسڈی سے قبل بڑے زمیندار ہی پوٹاش کھاد استعمال کرتے تھے لیکن حکومت پنجاب نے چھوٹے زمینداروں کی فی ایکڑ بہتر پیداوارکے لئے اس سبسڈی سکیم کو جاری کیا ہے۔ حکومت پنجاب اس سبسڈی کو جاز کیش کے ذریعے مہیا کر رہی ہے جس کا مقصد کاشتکاروں کو بینکوں میں پیش آنے والی دشواری سے محفوظ رکھنا ہے اور سبسڈی کی رقم ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ کھاد پر اس سبسڈی سکیم کے تحت ایس اوپی اور ایم او پی کی قیمتیں بڑی حد تک کم ہو گئی ہیں اور یہ کھاد چھوٹے کاشتکارکے استعمال میں بھی آگئی ہے جس سے فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی بہتری کے لئے ایسی سبسڈی کی سکیمیں جاری رکھے گی تاکہ ملکی معیشت میں بہتری آ سکے۔