ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے ملازمین تین ماہ سے تنخواہ سے محروم ،نوبت گھروں میں فاقہ کشی تک پہنچ گئی

بیشتر ملازمین کے بچوں کو فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث سکولوں سے نکالے جانے کے نوٹس ارسال کر دئیے گئے

منگل 7 مارچ 2017 19:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء)ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے ملازمین تین ماہ سے تنخواہ سے محروم ،گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ گئی۔ بیشتر ملازمین کے بچوں کو فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث سکولوں سے نکالے جانے کے نوٹس ارسال کر دئے گئے۔ امتحانی سیزن میں بچوں کو سکولوں سے نکالے جانے کے خوف سے ملازمین کی بڑی تعداد اذیت اور کرب میں مبتلا ہو گئی ہے۔

ترقیاتی ادارہ مظفرآباد اس وقت سخت مالی بحران کا شکار ہے۔ جس کی بنیادی وجہ ترقیاتی ادارہ کے بجٹ پر دس فیصد کٹ اور ترقیاتی ادارہ کی آمدن کے لئے تعمیر نو پروگرام کے تحت بننے والے پلازہ جات بنک روڈ شاپنگ کمپلیکس، کچہری روڈ پلازہ، ساتھرا ویو ہوٹل اینڈ ٹک شاپ اور اپر اڈہ پارکنگ اس ادارہ کی تحویل میں دئے گئے۔

(جاری ہے)

ان اثاثہ جات کی ماہانہ آمدن لاکھوں روپے ہے۔

لیکن کرائے کی مد میں آنے والی لاکھوں روپے کی آمدن ترقیاتی ادارہ کے اکونٹ میں جمع نہیں ہو رہی ۔ یہ رقم کدھر جا رہی ہے ملازمین لا علم ہیں۔ بھاری اثاثہ جات رکھنے کے باوجود شہر کا اہم ترین ادارہ اس وقت بدترین مالی بحران کا شکار ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران متاثرہ ملازمین کا کہنا تھا کہ بے حسی کے باعث ایم ڈی اے مالی بحران سے دوچار ہے۔

ملازمین کو بروقت تنخواہیں نہیں مل رہیں۔ جس کے باعث سینکڑوں گھرانے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث متاثرہ ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ ملازمین نے وزیر اعظم آزاد کشمیر اور چیف سیکرٹری سے اپیل کی ہے کہ وہ ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس ہیں ۔ اگر ملازمین کو موجودہ امتحانی سیزن کے دوران تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو پھر ملازمین احتجاج پر مجبور ہونگے۔ اور ایم ڈی اے آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے۔