وزیراعظم محمد نواز شریف اور امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کا پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا اعادہ

کویت سٹی میں امیری دیوان میں تبادلہ خیال کے دوران دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی ْصنعتی، زرعی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں اقتصادی تعاون میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا گیا

منگل 7 مارچ 2017 20:14

وزیراعظم محمد نواز شریف اور امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح ..
کویت سٹی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف اور امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا اعادہ کیا ہے۔ کویت سٹی میں امیری دیوان میں اپنے خوشگوار تبادلہ خیال کے دوران دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ وزیراعظم محمدنواز شریف نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں اضافی تعاون کے ذریعے انہیں مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔

انہوں نے پاکستان اور کویت کے درمیان صنعتی، زرعی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں اقتصادی تعاون میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کویتی سرمایہ کاروں سے کہا کہ پاکستان میں دستیاب زبردست معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امیر کویت کو وزیراعظم کویت، نیشنل پارلیمنٹ کے سپیکر اور کویتی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنی مفید ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر امیر کویت سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل اور پاکستانی سفیر غلام دستگیر بھی موجود تھے۔