انٹرمیڈیٹ امتحانات2016میں نقل کروانے سے متعلق کیسز کا فیصلہ

9اساتذہ پر تین سال،دوپر دودوسال جبکہ دولیکچرارز پر مستقل پابندی عائد کر دی گئی

منگل 7 مارچ 2017 21:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2017ء) وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحانات2016میں نقل کروانے اور طلباء کے پاس ناجائز مواد رکھنے سے متعلق کیسز کا فیصلہ کرتے ہوئے 13سینئر پرنسپلز،وائس پرنسپل،اسسٹنٹ پروفیسرز سمیت نگرانوں پر پابندی عائدکردی۔ پابندی عائد ہونے والوں میں اسلام آباد ماڈل سکول وکالجز کے پرنسپل،وائس پرنسپل ،ہیڈمسٹرس،اسسٹنٹ پروفیسر سمیت نگران شامل ہیں۔

9اساتذہ پر تین سال،دوپر دودوسال جبکہ دولیکچرارز پر مستقل پابندی عائد کر دی گئی ہے،کنٹرولر امتحانات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ کی امتحانات میں ناجائز ذرائع استعمال کرنے والے کیسزکی کمیٹی برائے انٹرمیڈیٹ امتحانات 2016ء کی سفارشات پرناجائز مواد کے کیسز سامنے آنے والے سنٹرز کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان کو شنوائی کا پوراموقع دیا گیا لیکن تسلی بخش جواب نہ دینے پر کمیٹی کی جانب سے 9سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر وفاقی تعلیمی بورڈ کے کسی بھی امتحان پر ڈیوٹی لگائے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے،ایف جی ڈگری کالج اٹک کینٹ کی لیکچرر اور فضائیہ ڈگری کالج پشاور کی لیکچرر پر وفاقی تعلیمی بورڈ کے امتحانات پر ڈیوٹی سے متعلق ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ماڈل کالج فارگرلز(پوسٹ گریجویٹ)ایف سیون فور کی اسسٹنٹ پروفیسر، لیکچرر اور نگران پر تین سال،عزیرخان شہید ماڈل سکول کی ہیڈمسٹرس پر تین سال کی پابندی کے ساتھ معاوضہ میں سے دس فیصدکٹوتی بھی کرنے کا کہا گیا ہے۔ اسلام آبادماڈل کالج برائے طالبات آئی ایٹ ون کی پرنسپل اور وائس پرنسپل پر بھی تین سال کی پابندی عائد کی گئی ہے،اسلام آباد ماڈل کالج فارگرلزجی ایٹ ٹو کی پرنسپل اور وائس پرنسپل پر دوسال کی پابندی کے ساتھ ڈیوٹی معاوضہ میں سے بیس فیصد کٹوتی بھی کرنے کا کہا گیا ہے۔