پنجاب یونیورسٹی کے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، ڈاکٹر ظفر معین ناصر

منگل 7 مارچ 2017 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے تمام فیکلٹیوں کے تمام تعلیمی پروگرامز کے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر کی زیر صدارت ان کے آفس کے کمیٹی روم میں ڈینز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں انہوں نے تمام فیکلٹیوں کے ڈینز کو ایک ہفتہ کے اندر تمام پروگراموں کے نصاب کی ہارڈ اور سوفٹ کاپیاںفراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر طاہر جمیل کو کہا کہ وہ ہر نصاب کا جدید دور کے تقاضوں کے مطابق جائزہ لیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل کو مضبوط کرکے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے قائمقام خزانہ دار رائو محمد شریف نے بتایا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصرکی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کے بعد حکومت کی جانب سے انتظامیہ پنجاب یونیورسٹی کو میڈیکل کالج اور ہاسٹلز کے قیام کیلئے پی سی ون کی تیاری کیلئے خط موصول ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے دس بسوں ، ریسرچ کے فروغ کیلئے پچاس ملین روپے اور پیف سکالرشپ کا کوٹہ بڑھانے کیلئے بھی انتظامیہ کو خطوط موصول ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب یونیورسٹی کو ودہولڈنگ ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے جس سے کروڑوںروپے کی بچت ہوگی ۔اجلاس میں موجود ڈینز نے پنجاب یونیورسٹی کی بہتری کیلئے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔