پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ تمام وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے،جام خان شورو

شہر میں چلنے والے غیر قانونی ہائیڈرینٹ کے ساتھ ان قانونی ہائیڈرینٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے، جو اس کی رہ میں رکاوٹ تھے،وزیر بلدیات سندھ

بدھ 8 مارچ 2017 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2017ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں آخری سرے تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ تمام وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے۔ شہر میں چلنے والے غیر قانونی ہائیڈرینٹ کے ساتھ ان قانونی ہائیڈرینٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے، جو اس کی رہ میں رکاوٹ تھے۔

وال آپریشن اب متعلقہ ایکش ای این سے لیکر اسے بلک آپریشن کے سپرد کیا جارہا ہے اور پانی کی دستیابی کو زیادہ سے زیادہ بنانے کے لئے K-4 سمیت کئی منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عباسی شہید اسپتال میں ملازمین کو تنخوائیں تواتر کے ساتھ ادا کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ اسپتال انتظامیہ سے مکمل رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سندھ اسمبلی میں مختلف ارکان کی جانب سے توجہ دلائو نوٹس پر کئے گئے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔

تحریک انصاف کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیاء کی جانب سے عباسی اسپتال میں نان گیذیٹیڈ اور گیذیٹیڈ اسٹاف کی 6 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام ملازمین کو تواتر کے ساتھ تنخوائیں ادا کی جارہی ہیں البتہ اسپیشلسٹ ٹرینی ڈاکٹرز کے حوالے سے وہ اسپتال انتظامیہ سے معلومات لے کر ایوان کو آگاہ کریں گے۔

تحریک انصاف کے ہی رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کے ان کے حلقہ پی ایس 112 میں پانی کی عدم دستیابی کے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ شہر کے آخری سرے تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے واٹر بورڈ انتظامیہ کو تمام خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اس سلسلے میں واٹر بورڈ کی انتظامیہ دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کی طلب اور رسد میں 50 فیصد کی کمی کا سامنا ہے اورہماری بھرپور کوشش ہے کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں طلب اور رسد میں فرق کو کم سے کم کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت تمام اقدامات بروئے کار لارہی ہے اور K-4 منصوبے جس سے شہر کو مزید 260 ملین گیلن یومیہ پانی دستیاب ہوگا اس پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ 100 اور 65 ملین گیلن یومیہ پانی کے دیگر دو منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے شہر کے آخری سرے تک پانی کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے غیر قانونی کے ساتھ ساتھ قانونی واٹر ہائیڈرینٹ بھی بند کردئیے ہیں اور اس سلسلے میں خود معزز رکن خرم شیر زمان کی جانب سے گارڈن ہائیڈرینٹ کی نشاندہی پر اسے بھی بند کردیا گیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پانی کی آخری سرے تک فراہمی میں وال آپریشن اہم اشیو ہے اور اب تک اس کا نظام متعلقہ ایکش ای این کے پاس تھا اب اسے بلک واٹر کے سپرد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری توجہ اب وال آپریشن پر ہے اور انشاء اللہ ہم شہر کے آخری سرے (tell) تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :