کوہاٹ ، پولیس کی کارروائی سہولت کار،منشیات فروش اور کروڈ آئل کی سمگلنگ میں ملوث 3ملزم گرفتار، مقدمہ درج

بدھ 8 مارچ 2017 19:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مارچ2017ء) کوہاٹ جنگل خیل پولیس نے کامیاب کاروائی کے دوران ایک سہولت کار،منشیات فروش اور کراوڈ آئل کی غیر قانونی سمگلنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔کاروائی میں گرفتار افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ و منشیات اور سینکڑوں لٹر کروڈ آئل برآمد کرکے قبضے میں لئے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل قسمت خان نے خطرناک اشتہاری مجرمان قاسم اور عاصم کی موجودگی کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے نئی آبادی جنگل خیل میں واقع ایک مکان پر اچانک چھاپہ مارا جہاں گھر کے محاصرے اور تلاشی کے دوران پولیس نے اشتہاری مجرمان کو پناہ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے والے ایک ملزم عمران خان ولد عنایت اللہ کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے ایک کلاکوف،تین پستول ،ایک بندوق،ایک رائفل اورمختلف بور کے سینکڑوں کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مطلوب اشتہاری مجرمان قتل و اقدام قتل سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے جو پولیس کی آمد سے قبل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیںتاہم پولیس نے اشتہاری مجرمان کے سہولت کار کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ایک دوسری کاروائی میں مقامی پولیس کے ایس ایچ او نے پولیس نفری کے ہمراہ گھمکول افغان پناہ گزین کیمپ نمبر تین میں اچانک چھاپہ مار کرچرس کے دھندے میں مصروف بدنام زمانہ منشیات فروش نواب خان ولد رئیس خان کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر ڈھائی کلو گرام چرس برآمد کرلی۔

پولیس نے زیر حراست منشیات فروش کو تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے ادھر کروڈ آئل کی غیر قانونی سمگلنگ کی ایک اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او قسمت خان نے پولیس نفری کے ہمراہ پشاور بائی پاس روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک پک اپ نمبر مردانB-4453کو تلاشی کی غرض سے روک کر گاڑی میں لدے کروڈ آئل سے بھرے آٹھ عدد ڈرم قبضے میں لے لئے۔پولیس نے تحویل میں لئے گئے ڈرموں سے مجموعی طور میں سولہ سو لٹر کروڈ آئل برآمد کرکے گاڑی میں سوار تین سمگلروں مسحد شاہ ،منتظم شاہ پسران مبارک شاہ اور نور زادہ ولد زبیر شاہ کو گاڑی سمیت گرفتار کرکے انکے خلاف تھانہ جنگل خیل میں کروڈ آئل سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا۔

متعلقہ عنوان :