مردم شماری قومی فریضہ ہے جسے کامیاب بنانے کیلئے ہرشہری کوتعاون کرناچاہیے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمہرخالد

بدھ 8 مارچ 2017 22:37

مظفرگڑھ ۔08مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2017ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ مہر خالد نے کہ ہے کہ مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے ، معاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت سے تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ علماء کرام، بلدیاتی اداروںکے نمائندگان، سماجی کارکن، سول سوسائٹی کے افراد اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے حضرات مردم شماری کے سلسلہ میں عوام کو آگاہی دیں تاکہ مردم شماری کے دوران درست اور مکمل اعداد شمار کا اندراج کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ مظفرگرھ ضلع میں پاک فوج ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکارمردم شماری کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں مردم شماری آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار میںوائس چیئر مین ضلع کونسل ملک عابد محمود بھابھہ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈپٹی ڈویژنل سینسزآفیسر مراتب علی ، چیئر مین یونین کونسل اے بی مجاہد، مہر امیراکبر سیال ، ملک اجمل کالرو، رانا محمد افضل اور افضل چوہان نے بھی خطاب کیا، جبکہ سیمینار میں پاک آرمی کے کیپٹن جلال، کیپٹن طلحہ، چیئر مین یونین کونسل ملک سعید احمد ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد شہزاد، مولانا عبدالمعبود آزاد، شوکت عابد، گلزار عباس نقوی، سید اختر شاہ،صدر انجمن تاجران سید امیرحسن، عامرسلیم شیخ سمیت عمائدین شہر، سول سوسائٹی اورعوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے کہا کہ مظفرگڑھ میں مردم شماری کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، عملے کی تربیت کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے ، سامان کی تقسیم و ترسیل کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گااور 15مارچ سے مردم شماری کا کام شروع ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی ڈویژنل سینسز آفیسر نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مسائل کے حل کیلئے شفاف مردم شماری ضروری ہے، ملک عابد محمود بھابھہ نے کہا کہ مردم شماری کا عملہ بلدیاتی اداروں کے نمائندگان سے رابطہ کرکے اس عمل کا پایہ تکمیل تک پہنچاے،اے بی مجاہد نے کہا کہ مردم شماری کے سلسلے میں زبان کا اندارج ایک حساس مسئلہ ہے مستقبل میں کسی قسم کے تنازعہ سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ مردم شماری کا عملہ زبان کے اندارج کے سلسلے میں مکمل دیانتداری اور شفافیت سے کام لے اور کسی قسم کی غلط شماری نہ کی جائے ، مہر امیراکبر سیال نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ کی زیادہ تر آبادی دیہاتوں اور تھل کے صحرائی علاقوں میں رہائش پذیر ہے ان کی مردم شماری اور خانہ شماری کیلئے گوگل میپ سے مدد لی جائے تاکہ کوئی گھر یا فرد اندراج سے محروم نہ رہے۔

متعلقہ عنوان :