Live Updates

عمران خان کے پی ایس ایل میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے تضحیک آمیز الفاظ ہماری خوشیوں اور ملک پر حملہ ہیں، طارق فضل چودھری

عمران خان نے اپنا بغض پاکستان پر نکالا ہے، ان سے خیر کی امیدرکھنا پاگل پن ہی ہوگا،تحریک انصاف اب اس بات کو سمجھ لے سیاست عزت داری کا کام ہے،وزیر مملکت کیڈ کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 8 مارچ 2017 23:01

عمران خان کے پی ایس ایل میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے تضحیک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2017ء) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے پی ایس ایل میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے تضحیک آمیز الفاظ ہماری خوشیوں اور ملک پر حملہ ہیں۔عمران خان نے اپنا بغض پاکستان پر نکالا ہے، ان سے خیر کی امیدرکھنا پاگل پن ہی ہوگا۔بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ کچھ فیصلے پاکستان کی عوام کو کرنے ہیں اور اس کا اختیار عوام کے پاس ہی چھوڑنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک ایسا ایونٹ تھا جس میں جوش اور ولولہ تھا یہ جوش و ولولہ پوری قوم نے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ اس جوش و ولولہ میں غیر ملکیوں کھلاڑیوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس میں ویون رچرڈ اور ڈیرن سمی جیسے عظیم کھلاڑی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے ان کھلاڑیوں کو تضحیک کا نشانہ بنانا قابل افسوس اور ہماری خوشیوں اور ملک پر حملہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مہمان نواز ہے ،عمران خان اپنے آپ کو لیڈر کہلاتے ہیں ایسا رویہ ایک لیڈر کو زیب نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا لاہور میں کھیلا جانے والا فائنل میں دو میچز ہو رہے تھے ایک میچ گرائونڈ کے اندر ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا تھا اور دوسرا میچ گرائونڈ کے باہر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک دشمن اور دہشت گردوں کیخلاف کھیلا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گرائونڈ کے اندر جو بھی ٹیم جیتی اس سے پاکستان جیتا لیکن گرائونڈ کے باہر ہمارے سیکورٹی اداروں نے پاکستان کے امن اور خوشیوں کے دشمن دہشت گردوں کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب اس بات کو سمجھ لے کہ سیاست عزت داری کا کام ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں شاہ محمود قریشی ،عارف علوی تعریف کرتا ہوںانہوںنے عمران خان کے بیان پر قوم سے معافی مانگی لیکن خان صاحب سے اس قسم کی خیر کی امید رکھنا پاگل پن ہے، انہوں نے کہا اپنا بغض پاکستان پر نکالا ہے، ان کے اس بیان پر فیصلہ عوام کو کرنا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات