لائن آف کنٹرول پر بھمبر سیکٹر میںبھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاکستانی خاتون زخمی-پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی پر بھارتی فوج کی بندوقیں خاموش

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 9 مارچ 2017 10:27

لائن آف کنٹرول پر بھمبر سیکٹر میںبھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 مارچ۔2017ء) لائن آف کنٹرول پر بھمبر سیکٹر میںبھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون زخمی ہوگئیں‘پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی پر بھارتی فوج نے فائرنگ روک دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے بھمبر کے مقام بروہ میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فورسز کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا، جس کے بعد ہندوستانی فوج نے فائرنگ روک دی۔بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی وجہ سے دنوں ملکوں کے درمیان حالات میں اتارچڑھاﺅ آتا رہتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رات گئے آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں شہری آبادی کونشانا بنایاگیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔

اس سے ایک روز قبل 25 فروری کو بھی بھارت کی اشتعال انگیز فائرنگ کے باعث نکیال سیکٹر کے قریب گاوں بالاکوٹ کی 64 سالہ خاتون نذیر اں بی بی زخمی ہوگئی تھیں۔علاوہ ازیں 25 فروری کو ہی سیالکوٹ میں غلطی سے ورکنگ باونڈری کراس کرنے والی معمر پاکستانی خاتون بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئیں تھیں۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور بھارت کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔