بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نومنتخب ارکان کی تقریب حلف برداری

جمعرات 9 مارچ 2017 16:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2017ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (آسا) کے نومنتخب ارکان کی تقریب حلف برداری یونیورسٹی کے میل کمیپس میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ارکان سے حلف لیا۔ منعقدہ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل نے بطور صدر آسا حلف اٹھایا جبکہ اس موقع پر جامعہ کے نائب صدور سمیت آسا کے نومنتخب ارکان، سابق ممبران، ڈینز، ڈائریکٹرز اور اساتذہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

تقریب میں شہزاد اشرف چوہدری نے بطور جنرل سیکرٹری آسا، ڈاکٹر فیض الرحیم نائب صدر آسا(میل) ، ڈاکٹر تیمیہ نے بطور نائب صدر (فیمیل ) ، ڈاکٹرملیحہ اسماء بطور جوائنٹ سیکرٹری (فیمیل)، ڈاکٹر ظہیر الدین بہرام نے فنانس سیکرٹری،سیماب احمد بطورانفارمیشن سیکرٹری فیمیل، عاطف ساہی بطور انفارمیشن سیکرٹری میل جبکہ ڈاکٹر حبیب اللہ بطور جوائنٹ سیکرٹری( میل) حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یو سف الدریویش نے کہا کہ اساتذہ معاشرے میں علم کی ترویج کی اہم ذمہ داری کے متحمل افراد ہو تے ہیں اور علم کے فروغ اور لوگوں کی درس و تدریس سنت محمدیؐ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی انتھک کاوشوں سے اسلامی یونیورسٹی اپنے اعلیٰ مقاصد کے حصول کے سفرپر تیز رفتاری سے گامزن ہے۔ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اساتذہ کی خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

ڈاکٹر الدریویش نے نومنتخب ارکان آسا کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی کہ آسا کے ارکان کا انتخاب جامعہ کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹرعبدالجلیل نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ تدریسی میدان میں جامعہ کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور اسلامی یونیورسٹی کے اساتذہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اپنے خطاب میں سابق صدر آسا ڈاکٹر ظفر اقبال نے آسا کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی اور بھرپور تعاون پر ریکٹر جامعہ، صدر جامعہ اور اساتذہ و افسران کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر جامعہ کو آسا کی طرف سے یاد گاری شیلڈ دی گئی جبکہ، سابق صدر آسا ڈاکٹرظفر اقبال اور سابق ارکان کو بھی یادگاری شیلڈ دی گئیں۔بعد ازاں ، صدر جامعہ اور نو منتخب ارکان کے اعزاز میں ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں صدر جامعہ اور اساتذہ نے شرکت کی ۔