پنجاب میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے کاشتکاروں کو ہر گائوں میں ترقی دادہ کپاس کے بیج کی مفت فراہمی کا فیصلہ

جمعرات 9 مارچ 2017 18:54

پنجاب میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے کاشتکاروں کو ہر گائوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2017ء)حکومت پنجاب نے صوبہ کے تمام کپاس پیدا کرنے والے اضلاع کے ہر گائوں کے ترقی پسند کاشتکار وں کو کپاس کی ترقی دادہ اقسام کا بیج مفت فراہم کرنا کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد صحت مند بیج کو ترویج دے کر کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت ایک ایکڑ کے لیے 10کلو گرام بیج ہر گائوں میں بذریعہ قرعہ اندازی پہلے نمبر پر آنے والے کاشتکاروں کو مفت فراہم کیا جائے گا ۔

1سے 25ایکڑ تک قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک ، ٹھیکیدار اور مزارع مر د و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے ۔ گائوں کمیٹی مکمل تصدیق کے بعد ترقی پسند کاشتکاروں کے نام قرعہ اندازی کی فہرست میں شامل کرے گی اور قرعہ اندازی گائوں کی جامع مسجد میں مقررہ تاریخ پر نماز ظہر /عصر کے بعد ہو گی ۔

(جاری ہے)

قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران ، محکمہ زراعت اور محکمہ مال کے ملازمین اور ان کے گھرانہ کے افراد اس سکیم میں حصہ لینے کے اہل نہ ہوں گے ۔

کاشتکار درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع )، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع )یا زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کریں ۔ درخواست فارم محکمہ زراعت (توسیع) کی ویب سائٹ www.ext.agripunjab.gov.pkسے بھی ڈٖائون لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی ۔ کاشتکار اپنی درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع )کے دفتر میں جمع کروا کر رسید حاصل کریں۔