تحریک آزادی کشمیر، گڈگورننس اور ریاست کی تعمیر و ترقی اولین ترجیحات ہیں،راجہ محمد فاروق حیدر خان

آفیسران بلاخوف و خطر کام کریں، ناانصافی، میرٹ کی پامالی، اقرباپروری سے لوگوں کا ریاست اور نظام سے اعتماد ختم ہو جاتا ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر ْسب کو ملکر نظام کو مضبوط ،ریاست پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے، حلف برداری تقریب سے خطاب

جمعرات 9 مارچ 2017 20:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2017ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آفیسران بلاخوف و خطر کام کریں، ناانصافی، میرٹ کی پامالی، اقرباپروری سے لوگوں کا ریاست اور نظام سے اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔ تمام ملازمین سے ریاست کے عوام کی خدمت کا حلف لیا جائے۔ گڈ گورننس کے قیام میں بیوروکریسی کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔

آفیسران اپنے ٹیبل پر فائلوں کے ڈھیر نہ لگائیں۔عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں ۔ تحریک آزادی کشمیر، گڈگورننس اور ریاست کی تعمیر و ترقی اولین ترجیحات ہیں۔ کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے تعلیم انتہائی ضروری ہے۔ محکمہ تعلیم کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے۔ ہم نے ملکر اس نظام کو مضبوط بنانا ہے اور ریاست پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔

(جاری ہے)

آفیسران اپنے فرائض منصبی، محنت، لگن، دیانتداری اور فرض شناسی اور قانون و قاعدے میں رہتے ہوئے سرانجام دیں۔

ہم نے اس ریاست کو ایک مثالی ریاست بنانا ہے۔ حلف کی پاسداری کرتے ہوئے سیاسی دباو سے بالا تر ہو کر اپنے فرائض منصبی انجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جمعرات کے روز یہاں کشمیر انسٹیٹوٹ آف منیجمنٹ میں اسسٹنٹ کمشنرز، اے ایس پی اور سیکشن آفیسرز سے حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے پہلے وزیراعظم آزادکشمیر نے نوتعینات اسسٹنٹ کمشنرز، اے ایس پی اور سیکشن آفیسرز سے حلف لیا۔

اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، فیاض علی عباسی، انسپکٹر جنرل پولیس بشیر میمن، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر لیاقت حسین،سیکرٹریز حکومت، سربراہان محکمہ جات اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ قائداعظم کے فرمان کے مطابق کام، کام اور صرف کام پر عمل کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی پوری دیانتداری اور فرض شناسی سے انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین ریاست کی پالیسی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک بہتر معاشرے کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور ریاست پر عوام کا اعتماد بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور عوام کے لئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی ترقی کا دارومدار شعبہ تعلیم پر ہوتا ہے ہم نے حکومت میں آتے ہی پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کا نفاد عمل میں لایا تاکہ لوگوں کو میرٹ پر ملازمین مل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اب میرٹ پر تقرریاں ہوں گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین لسانی، علاقائی اور گروہی تعصبات سے بالا تر ہو کر ملت اسلامیہ کے فرد کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں۔

متعلقہ عنوان :