ڈائریکٹر جنرل پولیس کی طرف سے مجاہدین کے اہلخانہ کو دھمکیوں کی شدید مذمت

جمعرات 9 مارچ 2017 20:34

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماء اور مسلم خواتین مرکز جموں وکشمیر کی سربراہ یاسمین راجہ نے ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر شیش پال ویدکی طرف سے مجاہدین کے اہلخانہ کو دھمکیوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس ٹاسک فورس ایک انتہائی ظالم اور سفاک فورس ہے جس کیلئے انسانیت و شرافت کے کوئی معنی نہیں اور وہ اپنے کیمپوں میں مجاہدین اور حریت پسندوں پر بدترین تشدد ڈھارہی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسمین راجہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری مجاہدین جو بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کی بجائے ڈی جی پولیس کو معلوم ہونا چاہیے کہ جموںو کشمیر ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل ہوچکا ہے جہاں ہر طرف پولیس کی لاقانونیت اور فورسز کا ظلم و جبر اپنے عروج پر ہے اور فورسزاہلکار گھروں پر چھاپوںکے دوران املاک کونقصان پہنچانے کے علاوہ اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ کشمیری مجاہدین اوراُن کے اہل خانہ یا حریت پسند عوام آزادی کی راہ میں آنے والی ہر قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا کر رہے ہیںاورقوم کے شاہین صفت حریت پسند نوجوان سرفروشی کا راستہ اختیار کرکے کسی بھی انجام اور اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کراپنے مقصد کے حصول کیلئے لاکھوںقابض فورسز کے ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ گئے ہیں اور ہر محاذ پر شجاعت اور بہادری کی تاریخ رقم کررہے ہیں۔

یاسمین راجہ نے کہا کہ بھارت اپنی فورسز کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو دبانے کی آڑ میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام کرر ہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مجاہدین کشمیری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں اور اُن کی اور اُن کے اہل خانہ کی حفاظت کرنا حریت پسند قوم کی اولین ترجیح ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ دھمکیوں سے مرعوب ہوئے بغیر ہم اپنی جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔

ادھر نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر عبدالرشید نے ایک بیان میںڈی جی پولیس کی طرف سے مجاہدین اور ان کے اہلخانہ کو دھمکی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے بیان سے شیش پال وید نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیرمیں جنگل کاقانون رائج ہے اور پولیس کو چیرہ دستیوں پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کون نہیں جانتا کہ پولیس اوردیگر فورسزاہلکارمجاہدین کے رشتہ داروں کو روز عتاب کا نشانہ بناتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :