وزیر اعظم آزاد کشمیر کا اقوام عالم سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ

بھارت کے 2 چہرے ، ایک کشمیر اور دوسرا دنیا کیلئے ہے ‘ ہندوستانی فوج نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت سلب کر رکھاہے، فاروق حیدر

جمعرات 9 مارچ 2017 21:41

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مارچ2017ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اقوام عالم سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے 2 چہرے ہیں ایک کشمیر کے لئے اور دوسرا دنیا کیلئے ہے ‘ ہندوستانی فوج نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت سلب کر رکھاہے ۔

وہ جمعرا ت کو مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں اور ایل او سی پر خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارتی فوج نے 1989ء سے اب تک 94 ہزار 565 معصوم کشمیریوں کو شہید کیا۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 10793 خواتین کی عصمت دری کی۔ بھارتی افواج کے مظالم سے 22827 خواتین بیوہ ہو گئیں۔ ایک لاکھ 7593 بچے یتیم ‘ ایک لاکھ 581 گھر تباہ کئے گئے۔ ایک لاکھ 39 ہزار شہریوں کو گرفتار کیا گیا اور اذیتیں دی گئیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ ہندوستانی فوج نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت سلب کر رکھا ہے۔ ہندوستان کے 2 چہرے ہیں ایک کشمیر کیلئے اور دوسرا باقی دنیا کیلئے ۔ اقوام عالم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ …(رانا)