نواز شریف نے وزیر اعظم بننے سے پہلے ممتاز بھٹو سے بی بی کے قاتلوں کو انجام تک پہنچانے کا وعدہ کیا ‘اقتدار میں آتے ہی سمجھوتہ کر لیا‘نواز شریف نے وعدے کی خلاف ورزی کرکے ممتاز بھٹو سے دھوکہ اور سندھ کے عوام کو مایوس کیا ہے

سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنمائوں محمد انور گجر‘رزاق باجوہ میر عبدالنبی بروہی و دیگر کا مشترکہ بیان

جمعہ 10 مارچ 2017 23:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مارچ2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویڑن کے کوآرڈی نیٹر رزاق باجوہ ، چیف آرگنائزر میر عبدالنبی بروہی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف نے وزیر اعظم بننے سے تین ماہ قبل نوڈیرو میں بھی ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سردار ممتاز علی بھٹو سے شہید بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو انجام تک پہنچانے کا وعدہ کیا تھا لیکن قاتلوں کو پکڑنے کے بجائے ان کے ساتھ سمجھوتہ کرکے اپنے کیے ہوئے وعدے کی خلاف ورزی کرکے سردار ممتاز علی بھٹو سے دھوکہ اور سندھ کے عوام کو مایوس کیا۔

اس کے علاوہ سندھ نیشنل فرنٹ نے اصولوں پر مبنی ایک تحریری معاہدے کے بعد رتو ڈیرو میں سندھ نیشنل فرنٹ کے (ن) لیگ میں انضمام ہونے والے ورکرز کنونشن میں بھی نواز شریف نے علی الاعلان کیا تھا کہ سندھ نیشنل فرنٹ نہیں بلکہ (ن) لیگ سندھ نیشنل فرنٹ میں ضم ہو رہی ہے اور آج کے بعد ہم سب کا لیڈر سردار ممتاز علی بھٹو ہو گا اور ہم سب ان کے اصولوں پر مبنی سیاست ، تجربات اور مشاورت سے پاکستان کو خوش حالی و ترقی کی طرف لے کر جائیں گے اور زرداری دور میں سندھ کے ساتھ ہونے والی تمام زیادتیوں کا ازالہ کرکے سندھ میں کرپشن کرکے نقصان پہنچانے والی پیپلز پارٹی کے خلاف سخت کارروائی کریں گے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف ہمارے تحریری معاہدے کو پھاڑ کر پھینک دیا بلکہ نوز شریف نے زرداری سے مفاہمت کرکے سردار ممتاز علی بھٹو کو قربانی کا بکرا بنایا اور سندھ کو دوبارہ زرداریوں کے حوالے کرکے ممتاز بھٹو اور ان کے بیٹے امیر بخش بھٹو کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر ان پر کئی جھوٹے قتل کے مقدمات بنائے اور ان تمام ظلم و زیادتیوں پر ایکشن لینے کے بجائے نواز شریف ممتاز بھٹو سے لاتعلق ہو کر خاموش تماشائی بن کر ان کی پیٹ پر چھرا گھونپا۔

(جاری ہے)

تو پھر اب سندھ کے عوام نواز شریف کی کن باتوں پر اعتبار کرکے ان کا ساتھ دیں گے۔ ٹھٹھہ کے ترقیاتی کاموں کے اعلانات جھوٹے وعدے اور کھوکھلے نعرے ہی ہیں۔ انور گجر ، رزاق باجوہ نے کہا کہ نواز شریف کا ٹھٹھہ میں ہونے والا جلسہ سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی اور بچے کچے مسلم لیگیوں کو زرداری پر قربان کرنے کے لیے تھا۔ وزیر اعظم نے اپنی پارٹی کے سچے مخلص ساتھیوں کو مفاہمت کی بھینٹ چڑھا کر مردہ زرداری لیگ کو دوبارہ سندھ میں زندہ کرکے عوام کے لیے عذاب بنایا۔

سندھ کے عوام نواز شریف اب ان جھوٹے وعدوں اور دلاسوں میں آنے والے نہیں۔ کیونکہ سندھ کے عوام زرداری کے ساتھ ساتھ نواز شریف کو سندھ کی تباہی و بربادی کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ نواز شریف کو سندھ میں آ کر یہاں کی محرومیوں کا تو رونا آتا ہے لیکن اس کی تباہی اور محرومیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا خیال کیوں نہیں آتا۔ وزیر اعظم بننے کے بعد زرداری ٹولے کی کرپشن کے خلاف آخر کار اب کیوں خاموش ہیں اور نہ ہی ان کے خلاف اپنی زبان سے کوئی جملہ نکلتا ہے۔