تاجر برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے‘ گورنر سندھ

جمعہ 10 مارچ 2017 23:45

تاجر برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے‘ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تاجر برادری پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند اقتصادی و معاشی ترقی کا اہم جزو ہے‘ حکومت تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی‘ خوشحال کاروباری برادری صوبہ کے مفاد میں ہے اس ضمن میں تاجر برادری بھی اپنا کردار ادا کرے ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطاطق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں تاجر برادری کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔

وفد کے راکین میں ذکی احمد شرف ، شیخ قیصر وحید ، عباس سعید ، محمد شکیل ، علی آدمجی ، ڈاکٹر منصور احمداور سہیل عزیز شامل تھے۔ وفد نے گورنر سندھ کو صوبہ میں امن و امان کے قیام میں تاجر برادری کے کردار ، وفاقی و صوبائی ٹیکسز میں یکسانیت لانے ، ٹیکس نیٹ میں دیگر افراد کو شامل کرنے صنعتی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی اور دیگر مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اس ضمن میں وہ وفاقی حکومت سے بات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریبیٹ اور کسٹم ڈیوٹی جیسے مسائل وفاقی حکومت کے زمرے میں آتے ہیں چونکہ میں وفاقی کا صوبہ میں نمائندہ ہو ں اس لئے وفاق سے وابستہ تمام مسائل کے جلد حل کے لئے اقدامات کروں گا ۔گورنر محمد زبیر نے کہا کہ صوبہ سندھ با الخصوص کراچی میں تاجر برداری نے مشکل حالات میں بھی ملکی معیشت کوسنبھالے رکھا آج معاشی و سماجی سرگرمیوں میں اضافہ بھی انہی کے باعث ہی ممکن ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی زون میں انفرااسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبے جلد شروع کرے گی وزیر اعظم بھی ملک کو معاشی خوشحالی کی طرف گامزن کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں ، کراچی کو معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا کراچی کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے ، کراچی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں لیکن اس شہر کو وہ مقام تاحال نہیں ملا جو اس کا حق ہے موجودہ حکومت کراچی کو اس کا جائز مقام ضرور دلائے گی ۔ ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی وژن کے ساتھ کام کرکے صوبہ با الخصوص کراچی کو دنیا میں ممتاز مقام دلایا جا سکتا ہے اس سلسلہ میں تاجر برادری کا ہر ممکن تعاون گورنر سندھ کے ساتھ ہے ۔

متعلقہ عنوان :