اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، گورنر پنجاب

جمعہ 10 مارچ 2017 23:45

اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، گورنر ..
لاہور۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کا بنیادی مقصد ہے جسے عملی جامہ پہنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، ایجوکیشن کوالٹی کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کو اعلیٰ روایات کا حامل بنا کر ان کے وقار کو مزید بلند کرنا ہوگا، تعلیم صرف ڈگری کا حصول ہی نہیں ہونا چاہئے ہمیں اپنے ملک اور معاشرے کا قرض اتارنا ہے، ہم نے جو سیکھا ہے عملی طور پر اس کو استعمال میں لاکر عام لوگوں کی خدمت کو اپنا نصب العین بنانا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے یہاں ایچی سن کالج لاہورکے فائونڈرز ڈے کے موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں پرنسپل ایچی سن کالج، فیکلٹی ممبران، والدین اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں نے ملک و قوم کا نام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے بہت نامور شخصیات پیدا کی ہیں جنہوں نے ملک کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دیئے اور دے رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے کہ تعلیم کے شعبے کو سرفہرست رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبے میں ایجوکیشن کے لئے فنڈز میں قابل ذکر حد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ گورنرپنجاب نے مزید کہا کہ صوبے کے بڑے تعلیمی اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر ہی بچوں کا داخلہ ممکن بنایا جارہاہے جس پر کسی قسم کا سجھوتہ نہیں ہوسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی بطور چانسلر میرٹ کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا حصول کامیابی اور خوش نصیبی کی علامت ہے، آپ معاشرے کے وہ خوش قسمت انسان ہیں جنہیں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ۔ آپ کی کامیابی میں اللہ تعالیٰ کی مدد کے بعد آپ کے والدین، اساتذہ کرام کا بہت بڑا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی عملی زندگی میں ایسے حالات پیدا کریں کہ کسی بھی والدین کے بچے تعلیم کے حصول کے مواقع سے محروم نہ رہ سکیں۔

انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں جس کی تعمیر و ترقی میں آپ نے اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ گورنر پنجاب نے طلباء کی جانب سے لگائی گئی تصاویری نمائش بھی دیکھیں اور ان کی فنِ خطاطی کو سراہا۔ اس موقع پرگورنر پنجاب نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں میڈلز ، اسناد اور انعامات بھی تقسیم کئے۔ گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :