علماء کرام معاشرے میں اتحاد، اتفاق ،کامل ہم آہنگی کے فروغ اور حقیقی اسلامی تعلیمات کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کو موثر انداز میں زائل کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں، حکومت اور علماء کرام معاشرے میں انتشار پھیلانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں گے، شہید مفتی سرفراز نعیمی اور مولانا حسن جان جیسے علمائے کرام اور مذہبی رہنمائوں نے مذہبی فرض کی ادائیگی اور قوم میں اتحاد پیدا کرنے کے لئے جانیں قربان کر دیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) علمائے کرام کے تعاون سے نفرتیں اور انتشار پھیلانے والے عناصر کا خاتمہ کریں گی، علماء کرام صوبائی تعصب کے خلاف بھی آواز بلند کریں

وزیراعظم محمد نواز شریف کا جامعہ نعیمیہ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب

ہفتہ 11 مارچ 2017 16:35

علماء کرام  معاشرے میں اتحاد، اتفاق ،کامل ہم آہنگی کے فروغ اور حقیقی ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے میں اتحاد، اتفاق ،کامل ہم آہنگی کے فروغ اور حقیقی اسلامی تعلیمات کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کو موثر انداز میں زائل کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں ، پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت اور علماء کرام معاشرے میں انتشار پھیلانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں گے اور اپنی مشترکہ کوششوں کے ساتھ ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اوراسے مستحکم کریں گے ، فرقہ واریت کے منفی جذبات کو ہوا دیکر اور جہاد کے حقیقی پیغام کو مسخ کر کے دنیا میں انتہا پسندی پھیلائی گئی، ، شہید مفتی سرفراز نعیمی اور مولانا حسن جان جیسے علمائے کرام اور مذہبی رہنمائوں نے مذہبی فرض کی ادائیگی اور قوم میں اتحاد پیدا کرنے کے لئے جانیں قربان کر دیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) علمائے کرام کے تعاون سے نفرتیں اور انتشار پھیلانے والے عناصر کا خاتمہ کریں گی، علماء کرام صوبائی تعصب کے خلاف بھی آواز بلند کریں ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز یہاں 19ویں سالانہ بیاد مفتی اعظم پاکستان علامہ محمد حسین نعیمی سیمینار اور ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی شہید کے 8ویں سالانہ عرس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں اسلام کی تعلیمات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا لیکن علمائے کرام نے منبر ومحراب کے ذریعے ایسے چیلنجز سے نمٹنے اور اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے اور حقیقی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ ن کو عوام نے حکومتی امور چلانے کا مینڈیٹ دیا تو اس کا سب سے بڑا مقصد لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا اور پائیدار امن لانا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے یہ تہیہ کیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ، فوج اور پولیس کے جوانوں نے دلیرانہ وار اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور قربانیاں دیں جبکہ عوام نے بھی دہشتگردی کی لعنت کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف دنیا کے مقابلہ میں سب سے بڑی جنگ لڑی اور دہشتگردوں کے ہاتھ توڑ دیئے، ملک میں اکا دکا حملے ہوئے جو ایسے عناصر کے سہولت کار اور ان سے ہمدردی رکھنے والوں کی مدد سے ہوئے تاہم ریاست ان کا بھی تعاقب کررہی ہے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں میں علماء کرام کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس سلسلہ میں مرحوم مفتی سرفراز نعیمی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مذہبی اکابرین نے انتھک کو ششوں اور تعلیمات کے ذریعے قوم کے اتحاد کے لئے کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں فرقہ واریت کے منفی جذبات کو ہوا دیکر اور جہاد کے حقیقی پیغام کو مسخ کر کے انتہا پسندی پھیلائی گئی، انتہا پسند عناصر نے مسلمانوں کے درمیان نفرتوں کے بیج بوئے اور انھیں منقسم کرکے قتل و غارت گری جیسی غیر انسانی کارروائیاں کیں۔

شہید مفتی سرفراز نعیمی اور مولانا حسن جان جیسے علمائے کرام اور مذہبی رہنمائوں نے ایسے عناصر کے خلاف فتویٰ ٰ جاری کئے اور اپنے اس مذہبی فرض کی ادائیگی اور قوم میں اتحاد پیدا کرنے کے لئے جانیں قربان کر دیں۔وزیر اعظم نے توقع ظاہر کی کہ جو راستہ ان شخصیات نے اختیار کیا اور جو تعلیمات دیں انھیں پس پشت نہیں ڈالا جائے گا۔انھوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نہ صرف مذہبی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر بلکہ ملک دشمن عناصر کی طرف سے صوبائی بنیادوں پر بھی نفرتوں کے بیج بونے کی کو ششیں کی جاتی رہی ہیں لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) ایسی تمام ساز شوں کو ناکام بنائے گی اور معاشرے کے تمام طبقات میں اتحاد و اتفاق کی فضا قائم رکھنے کے لئے اسی طرح کر دار ادا کرتی رہے گی جیسا کہ اس نے قیام پاکستان کے وقت مسلمانان ہند کو متحد کرنے کے لئے ادا کیا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پنجابیوں اور پختونوں کے درمیان صوبائی تعصب پیدا کرنے کے منفی پراپیگنڈے کو ناکام بنائیں گے ، وفاقی اکائیوں نے بحیثیت قوم پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے ذریعے نفرت اورتعصب کی کو ششوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) علمائے کرام کے تعاون سے نفرتیں اور انتشار پھیلانے والے عناصر کا خاتمہ کریں گی۔

انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ صوبائی تعصب کے خلاف بھی آواز بلند کریں۔انھوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ اسلام کے حقیقی تشخص اور قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں مذہبی آزادی کے پیغام اور اپنے اکابرین کی سوچ اور تعلیمات کو عام کریں۔انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منبر اور مدارس کے ذریعے بھی اسلامی تعلیمات سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور بڑی تعداد میں علمائے کرام نے تقریب میں شرکت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ سیمینار مذہبی تعلیمات کا محور اورمعاشرے میں ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے مقصد کے لئے کئے جانے والے گمراہ کن پراپیگنڈے کو زائل کرنے کا موثر ذریعہ ہوتے ہیں۔وزیر اعظم نی جامعہ نعیمیہ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ جامعہ کا دورہ ہمیشہ روحانی تسکین کا بڑاذریعہ رہا ہے ، انھوں نے مرحوم مفتی سرفراز نعیمی کی دینی اور معاشرتی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔