محکمہ زراعت نے فروری کاشتہ کماد کی آبپاشی کاشیڈول جاری کردیا

ہفتہ 11 مارچ 2017 16:40

فیصل آباد۔11 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء)محکمہ زراعت نے فروری کاشتہ کماد کی آبپاشی کاشیڈول جاری کردیاہے اور مارچ و اپریل میں 20سے 30دن کے وقفہ سے 2سے 3مرتبہ آبپاشی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ کاشتکار موسم کی شدت کے لحاظ سے آبپاشی میں کسی تساہل کامظاہرہ نہ کریں ۔انہوںنے کہاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کماد کی آبپاشی کی ضرورت بھی پڑتی جاتی ہے لہٰذا مئی اور جون میں اسے 10سے 12دن کے وقفہ سے پانچ سے چھ مرتبہ آبپاشی کرنی چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ جو کاشتکار کسی وجہ سے فروری میں کماد کاشت نہیں کرسکے وہ رواں ہفتہ کے دوران کماد کی بہاریہ کاشت مکمل کرسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کیلئے 100سے 120من بیج فی ایکڑ استعمال کریں جبکہ بیج کی کاشت کے دوران منظور شدہ اقسام کو ہی ترجیح دی جائے اور غیر منظورشدہ اقسام کی کاشت سے اجتناب کیاجائے تاکہ بعد ازاں انہیں کسی دشواری کاسامنا نہ کرناپڑے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشت سے پہلے بیج کوکسی پھپھوندی کش دوائی کے محلول میں تین سے پانچ منٹ تک بھگونے سے جہاں کماد کی فصل بیماریوں سے محفوظ رہ سکتی ہے وہیں اس کی بڑھوتری بھی متاثر نہیں ہوتی۔ انہوںنے بوائی کے وقت درمیانی ذرخیز زمین میں دو بوری ڈی اے پی اور دو بوری پوٹاشیم سلفیٹ بھی ڈالنے کی ہدایت کی ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار گہری کھیلیوں میں کاشت اور کھادوں کے متناسب استعمال کابھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیلیوں میں کاشت سے جہاں 50فیصد تک پانی کی بچت ہوتی ہے وہیں فصل گرنے سے محفوظ اور اضافی پیداوار کی بھی ضامن ہوتی ہے۔