بہاریہ مونگ کی کاشت کیلئے شرح بیج 10 سے 12کلو گرام فی ایکڑ رکھی جائے، جس کھیت میں مونگ پہلی دفعہ کاشت کی جائے وہاں بیج کو جراثیمی ٹیکہ لگانے کابھی خیال رکھاجائے، ماہرین زراعت

ہفتہ 11 مارچ 2017 16:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) :جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاہے کہ بہاریہ مونگ کی کاشت کیلئے شرح بیج 10 سے 12کلو گرام فی ایکڑ رکھی جائے اور جس کھیت میں مونگ پہلی دفعہ کاشت کی جائے وہاں بیج کو جراثیمی ٹیکہ لگانے کابھی خیال رکھاجائے کیونکہ ٹیکہ لگا کر کاشت کرنے سے فصل کی ہواسے نائٹروجن حاصل کرنے کی صلاحیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے جس سے زیادہ پیداوار کاحصول بھی یقینی ہو جاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بہاریہ مونگ کی کاشت ہمیشہ تر وتر حالت میں کی جائے تاکہ اگائی بہتر ہو نیز بیجائی قطاروں میں کرنے سمیت قطاروں کا درمیانی فاصلہ ایک فٹ اور پودوں کا آپس میں درمیانی فاصلہ 4انچ ہونا ضروری ہے۔ انہوںنے بتایاکہ اگرچہ مونگ کی کاشت کا موزوںترین وقت 15مارچ تک ہوتاہے تاہم اسے 30 مارچ تک بھی کاشت کیاجاسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کیلئے آبپاش علاقوں میں بہاریہ مونگ کی منظور شدہ اقسام نیاب مونگ 2006، ازری مونگ 2006، نیاب مونگ 2011 ، بارانی علاقوں میں چکوال ایم 6 کاشت کریں ۔ انہوںنے کہاکہ مونگ کیلئے ایک بوری ڈی اے پی ، آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ بوائی سے پہلے آخری ہل کے بعد چھٹا کرکے سہاگہ دینے سے بھی شاندار فصل حاصل کی جاسکتی ہے ۔